اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍ 92 نیوزرپورٹ؍ این این آئی)وفاقی کابینہ نے 7.8 ارب روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دے دی جس کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پر 19 اشیا پر سبسڈی دی جائے گی۔کابینہ کا اجلاس وزیرِ اعظم عمران خان کے زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایف بی آر بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری روکنے کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعار ف کرانے کی کوشش کررہا ہے کیونکہ سیمنٹ انڈسٹری، فرٹیلائزر انڈسٹری اور سگریٹ انڈسٹری میں بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری ہوتا ہے ،40 فیصد سگریٹ بلیک میں فروخت کئے جاتے ہیں، بالواسطہ ٹیکسوں کابوجھ عوام کواٹھانا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا ایف بی آر نے ہمیں یقین دہانی کرائی تھی کہ یکم جون سے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کرا دیا جائے گا، اب سندھ ہائی کورٹ نے اس حوالے سے حکم امتناعی جاری کر دیا، کابینہ ارکان کو اس بات کا اندازہ ہو نا چاہئے کہ خود کار نظام نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں کس نوعیت کی ٹیکس چوری ہو رہی ہے اور ملک میں آٹو میشن ہونے نہیں دی جا رہی، جب تک ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نافذ نہیں ہوتا ٹیکس چوری روکی نہیں جاسکتی۔انہوں نے کہا طاقتور شعبوں کی ٹیکس چوری نہ روکے جانے کی وجہ سے بالواسطہ ٹیکس عائد کرنا پڑتے ہیں جس سے مہنگائی ہوتی ہے اور اشیا کی قیمتیں بڑھتی ہیں۔انہوں نے کہا الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانے کے معاملے پر کابینہ کے ہر اجلاس میں پیشرفت سے آگاہ کیا جا نا چاہئے ، الیکٹرانک ووٹنگ مشین ملک کے انتخابی نظام کو شفاف بنانے کے لئے ناگزیرہو چکی ہے ، سب شور مچاتے ہیں کہ الیکشن ٹھیک نہیں ہوا، الیکشن کو شفاف بنانے کے لئے الیکٹرانک مشین متعارف کرائی جائے ۔عمران خان نے کہا پی ڈی ایم انتشارپھیلارہی ،اسے اپناشوق پوراکرنے دیں،ہمیں کوئی خطرہ نہیں،لانگ مارچ عوام کیلئے نہیں، اپنی چوری بچانے کیلئے ہے ،مہنگائی سمیت عوامی مسائل کاادراک ہے ،اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات پرمذاکرات کی دعوت دیدی ہے ۔وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں الیکشن کمیشن سے متعلق بھی تحفظات کااظہارکیااور کہاسینٹ الیکشن میں کھلابازارلگا،الیکشن کمیشن کونوٹس لیناچاہئے تھا،الیکشن میں جدیدٹیکنالوجی کااستعمال کیاجاسکتاتھا۔اجلاس میں نوشہرہ میں ریلوے کی زمین پر کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیرکے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ کا ایجنڈا ایک ہفتے کے لئے موخر کر دیا گیا ۔ایجنڈے کے مطابق بڑے پیمانے پر مالی نقصان کرنے والے سرکاری اداروں کا فرانزک آڈٹ کرانے کے معاملے پر کابینہ کو بریف کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا یہ آڈٹ اے جی پی اور معروف نجی کمپنیوں سے کرایا جائے گا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں پاکستان ریلویز، پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کارپوریشن، سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی اور جینکو تھری ناردرن پاور جنریشن کمپنی لمیٹڈ کا فرانزک آڈٹ کرایا جا رہا ہے ، یہ عمل 30 جون 2021تک مکمل ہو جائے گا، اگلے مرحلے میں پاکستان پوسٹ، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی،لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کا آڈٹ کرایا جائے گا۔ کابینہ نے ڈاکٹر مظہر حمید کو منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فائونڈیشن تعینات کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے ممنوعہ اور غیر ممنوعہ اسلحہ لائسنسوں کی چند درخواستوں پر غور کرتے ہوئے ان لائسنسز کے اجرا کی منظوری دی۔ کابینہ نے حکومت گلگت کی ریکوسٹ پر گلگت بلتستان سکائوٹس کی 17 پلاٹونوں کو گلگت بلتستان میں ایک سال سال کے لئے انٹرنل سکیورٹی پر مامورکرنے کی ایکس پوسٹ فیکٹو (بعد از وقوع واقعہ) منظوری دی۔ کابینہ نے چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کے عہدے کا اضافی چارچ نادر ممتاز کو مزید تین ماہ کے لئے دینے کی منظوری دی۔ کابینہ نے ہومیو ڈاکٹر رائو غلام مرتضیٰ کے بطور صدر نیشنل کونسل فار ہومیو پیتھی اور ہومیو ڈاکٹر سعید الرحمان خٹک کے بطور وائس چیئرمین نوٹیفیکیشن کے اجراء کی منظوری دی۔ کابینہ نے ڈاکٹر سید سیف الرحمن کو سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او کا اضافی چارج دینے کی منظوری دی ۔ کابینہ نے پٹرولیم پالیسی 2012کے تحت جمع کئے جانے والے ویلفیئر فنڈ کے استعمال کی گائیڈ لائنز میں ترمیم کی منظوری دی۔کابینہ نے پاکستان میں موجود افغان پناہ گزینوں، جن کے پاس پہلے پروف آف رجسٹریشن موجود ہے ، کے لئے سمارٹ کارڈ کے اجرا کی منظوری دی،ان کارڈز کی میعاد دو سال ہوگی۔ اجلاس نے کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے 11فروری2021اور 18فروری 2021کے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 10مارچ 2021 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی ۔کابینہ میں قواعد و ضوابط کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں ردوبدل کے معاملے پر بھی تفصیلی بات ہوئی ۔کابینہ نے قانون کی خلاف ورزیوں میں ملوث کمپنیوں کے خلاف کارروائی کرنے کی منظوری دی۔کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 04مارچ 2021، 11مارچ 2021 اور 15مارچ 2021کے اجلاسوں میں لئے گئے فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے عون عباس بپی کے بطور منیجنگ ڈائریکٹر بیت المال استعفے کی منظوری دی۔ کابینہ کو غریب افراد کواحساس پروگرام کے تحت ٹارگٹڈ سبسڈی فراہمی پلان سے آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ اس پروگرام کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے ۔ کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوارحماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کابینہ نے کورونا کی بڑھتی ہوئی لہر پر تشویش کا اظہار کیا، ماضی میں اٹھائے گئے اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کورونا کی تیسری لہر پر بھی قابو پانے میں کامیاب ہوجائے گی ۔انہوں نے کہا کابینہ اجلاس کے شروع میں ہی وزیراعظم نے الیکشن کی شفافیت پر بات کی ، کوشش کر رہے ہیں آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے کرائے جائیں۔انہوں نے کہا پی ڈی ایم کی میٹنگ میں سارے سیاسی یتیم بیٹھے ہوئے ہیں، ان لوگوں نے پچھلے 10سالوں میں ملک کے ہر ادارے کو کھوکھلا کر دیا،اس طبقہ نے الیکشن کی شفافیت کو ماننا ہی نہیں۔فواد چودھری نے کہا اسلحہ لائسنس کے حوالے سے ایک پالیسی موجود ہونی چاہئے ، چند ہفتوں میں پالیسی سامنے آئے گی۔حماد اظہر نے کہا یوٹیلٹی سٹورز ایک تباہ شدہ ادارہ تھا لیکن اس سال کے آخر تک وہ خسارے سے باہر آ جائے گا۔حماد اظہر نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی پر 40روپے فی کلو، تیل پر 20 روپے فی لٹر، کھجوروں پر 20 روپے فی کلو اور چاول پر 10 روپے فی کلو تک سبسڈی دی جائے گی۔انہوں نے کہا آئندہ سیزن میں یوریا کھا د کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے دو چھوٹے پلانٹ پرائیویٹ سیکٹر میں رواں ماہ سے ہی چلانے کا فیصلہ کیاہے ۔دریں اثنا وزیر اعظم سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے دورہ قطر سے واپسی پراہم ملاقات کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی ملاقات میں ممکنہ دھرنے کی صورت میں حکومتی تیاریوں پر بھی بات چیت کی گئی۔وزیرا عظم نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کے ویکسین کی شفاف فراہمی کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا عالمی عوامی پروڈکٹ ہونے کے ناطے کورونا ویکسین پر تمام اقوام عالم کا پورا حق ہے اور اس کی جلد از جلد سستی اور مساوی رسائی کو یقینی بنانا ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور آئیں گے اور مختلف انتظامی امور کے حوالے سے اجلاس کریں گے ۔