اسلام آباد (وقائع نگار،سپیشل رپورٹر ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت تمام ارکان اسمبلی، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی تنخواہوں میں 10 فیصد ایڈہاک الائونس کی سمری مسترد کر دی ، ملک میں آئندہ سال فائیو جی ٹیکنالوجی لانچ کر دی جائے گی، بڑی گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی ختم ہونے سے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ فواد چودھری نے کہا کابینہ کو فوجداری قوانین میں اصلاحات (کریمنل لا ریفارمز) پیش کی جانے والی تجاویز اور سفارشات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، کابینہ نے ترامیم کے حوالے سے تجاویز کی اصولی طور پر منظوری دیتے ہوئے ان تجاویز کو کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھجوانے کی ہدایت کی۔ فوادچودھری نے کہا کابینہ کو بتایا گیا کہ 14اگست 2021ئکو ایف بی آر کے ڈیٹا سنٹر پر سائبر حملے کے پیش نظر ایف بی آر حکام کی جانب سے پبلک پروکیورمنٹ رولز 2004ئکے تحت آپریشنل ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا تاکہ ڈیٹا سنٹر کی حفاظت کے لئے تمام تر ضروری اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کئے جا سکیں ، کابینہ نے ان اقدامات کی توثیق کی۔ وزیر اطلاعات نے کہاایف بی آر کی ویب سائٹ کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی، اس کی انکوائری مکمل ہو گئی اور یہ بات سامنے آئی کہ ایف بی آر کا ڈیٹا محفوظ رہا۔فواد چودھری نے بتایا کہ وزیراعظم کا فون ہیک کئے جانے کی کوششوں پر اب تک تحقیقات کا آغاز نہ ہوسکا، جو کمیٹی بنائی گئی، اس کے پروفیشنل ارکان ہی تعینات نہیں ہو سکے ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا آٹو سیکٹر میں مقامی پیداوار کے فروغ (لوکلائزیشن) اور موجودہ ٹیرف نظام میں پیش آنے والی چند دقتوں کو دور کرنے کے لئے کابینہ نے ٹیرف پالیسی بورڈ کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ ایس آر او 655(1)/2006 کے تحت درآمدات پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی کی شرح 7 فیصد سے کم کر کے 2 فیصد کر دی جائے ، اس کے ساتھ ساتھ ہیوی کمرشل وہیکلز پر بھی اے سی ڈی کی شرح 7 فیصد سے کم کرکے 2 فیصد کردی جائے ، اس کے نتیجے میں بڑی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی، ہزار سی سی گاڑیوں کے سامان کی درآمد پر ایڈیشنل ڈیوٹی ختم کی گئی ، ہزار سی سی سے نیچے کی گاڑیوں کی قیمتیں بھی کم ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے قائداعظم فائونڈیشن ایکٹ2021 کے مجوزہ مسودے کی اصولی منظوری دی ،اس کے علاوہ بیورو آف امیگریشن اینڈ اووسیز ایمپلائمنٹ کے پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس کی تقرری و تبادلوں کی منظوری دی گئی۔ فواد چودھری نے بتایا کہ کابینہ نے کورونا کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ درآمدکنندگان کی جانب سے درآمد شدہ اشیا جو وئیر ہائوس میں موجود ہیں اور جنہیں بروقت کلیئر نہیں کرایا گیا، ان پر قانون کے مطابق عائد ہونے والے ایک فیصد جرمانے /سرچارج میں 30 ستمبر تک رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کابینہ نے دیامر بھاشا ڈویلپمنٹ کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو کی منظوری دی۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے اس بات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے کہ گندم کی خریداری میں تاخیر کیوں ہوئی، صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر گندم کی ریلیز کے لئے اقدامات کریں، کابینہ نے پاکستان اور کرغیزستان کے درمیان پروازوں کے لئے پی آئی اے اور کرغیزستان کی ہوائی کمپنی ایویا کو پروازوں کی اجازت دی۔ کابینہ نے پی ایس او اور پاک ایل این جی کی جانب سے ایل این جی کی خریداری پر پیپرا قوانین کے قواعد کے مطابق ٹائم لائنز میں کمی کرنے کی تجویز کی بھی منظوری دی۔