فیصل آباد(راناافتخارخاں) وفاقی کابینہ میں پانچ وزراء اور مشیر پی ایچ ڈی اور دو ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہیں۔ اس کے علاوہ پانچ وکلاء ، معیشت اور اقتصادی امور کے ماہرین بھی شامل کئے گئے ہیں۔ پی ایچ ڈی اسکالرز میں وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مہرالنساء مزاری نے کولمبیا یونیورسٹی سے پولٹیکل سائنس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کررکھی ہے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اسلام سٹڈیز میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھتے ہیں۔وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم قانون میں پی ایچ ڈی ہیں۔پارلیمانی امور کے مشیر ڈاکٹر بابر اعوان نے بھی کریمینل لاء میں پی ایچ ڈی کررکھی ہے جبکہ مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین اقتصادیات میں پی ایچ ڈی اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ہیں۔ایم بی بی ایس ڈاکٹرز میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی و موجودہ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی ہیں۔ شہزاد ارباب سابق وفاقی سیکرٹری، عبدالرزاق داؤد معروف صنعتکار ہیں وہ بھی کولمبیا یونیورسٹی سے ایم بی اے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کے مشیر ملک امین اسلم الیکٹریکل انجینئر ہیں۔ وزیر خزانہ اسد عمر ایم بی اے ہیں اور پبلک سروس کی بنیاد پر ستارہ امتیاز ہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری لاء گریجوایٹ، شیخ رشید احمد ایم اے ایل ایل بی، عامر محمود کیانی بی اے ایل ایل بی، غلام سرور خان گریجوایٹ، شفقت محمود ماسٹر ان پبلک ایڈمنسٹریشن، شاہ محمود قریشی بی اے ، چوہدری طارق بشیر چیمہ بی اے ، زبیدہ جلال ایم اے انگلش لٹریچر ہیں۔