اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے 22 اکتوبر کو وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا ۔معلوم ہوا ہے کہ کابینہ ڈویژن نے وفاقی کابینہ اجلاس کے لئے 12 نکاتی ایجنڈا جاری کردیاہے جس کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن کے آزادی مارچ ،حکومتی مذاکراتی کمیٹی سمیت اہم امور پر مشاورت ہوگی ، اس دوران کابینہ کو دورہ سعودی عرب میں پیش رفت پر اعتماد میں لیا جائے گا، مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال اور دفاعی امور کا جائزہ بھی لیا جائے گا،کابینہ کو ترک صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان سے متعلق آگاہ کیا جائے گا، علاقائی امن و سلامتی اور عالمی حالات پر بات ہوگی اور مہنگائی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، قرضوں کی انکوائری کیلئے بنے کمیشن اورنیب کو انفارمیشن دینے کی منظوری دی جائے گی جبکہ سستے گھروں کیلئے 5 ارب روپے قرضے کی منظوری دی جائے گی،نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس کے ڈی جی کی تقرری اور پاکستان کونسل آف سائنس اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے چیئرمین کی تقرری بھی ایجنڈے میں شامل ہیں ۔ وفاقی کابینہ ارسا کے ممبر کی تعیناتی کی بھی منظوری دے گی۔کابینہ اجلاس میں 6 نئے قوانین کی آرڈیننس کے ذریعے منظوری کی سمری بھی پیش کی جائے گی۔