اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍ اے پی پی؍ صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ،وزیراعظم نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا، اجلاس کو اس حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا،وفاقی کابینہ نے پاک ایران سرحد پر بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے لئے ایران سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری بھی دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شوکت ترین کو بطور وزیرِ خزانہ کابینہ میں شمولیت پر خوش آمدید کہا گیا،اجلاس کے آغاز میں وزیرِ اعظم عمران خان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے پر زور دیا،کابینہ کو تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، نیوکلیئر اور بائیولوجیکل ہتھیاروں سے متعلقہ سامان، ٹیکنالوجی اور آلات وغیرہ کی برآمد پر کنٹرول کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قرار دار 1540 پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا پھیلائو روکنے کے حوالے سے حکومت پاکستان کے عزم کو مزید موثر طریقے سے عملی جامہ پہنانے کے لئے کابینہ نے سٹریٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن کو بعض اختیارات تفویض کرنے کی منظوری دی، ملک میں کھانے پینے کی بنیادی اشیائے ضروریہ کے حوالے سے بروقت فیصلہ سازی کو یقینی بنانے اور اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد ، قیمتوں کے تعین، نقل و حمل کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومت میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے کابینہ نے مرکزی ڈیٹا بیس (Centralized Database) کے قیام کی منظوری دی ، اس حوالے سے کابینہ نے مجوزہ قانون کی اصولی منظوری دی،وفاقی میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹس اور ان سے ملحقہ ٹیچنگ ہسپتالوں کا انتظام اور کارکردگی کو بہتر بنانے کی غرض سے مختلف اداروں میں صد ر پاکستان کی جانب سے فیڈرل میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ آرڈیننس 2020 کا نفا ذ کیا جا چکاہے ،وفاقی کابینہ نے ان اداروں کے بورڈ آف گورنر تعینات کرنے کی منظوری دی،کابینہ نے افغانستان میں یونائیٹڈ نیشنز اسسٹنس مشن (UNAMA) اور یونیسیف کی درخواست کو مد نظر رکھتے ہوئے کراچی سے کابل تک چند کنٹینزر کی ترسیل کی اجازت دینے کی منظوری دی، کابینہ نے خالد حامد کو چیف ایگزیکٹو آفیسر برائے نیشنل انشورنس کمپنی تعینات کرنے کی منظوری دی، کابینہ نے پاک ایران سرحد پر بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے لئے ایران سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دی،کابینہ نے ظہیر عباس کو منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال تعینات کرنے ، بجلی کی دس تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں صارفین کے نمائندوں کی شمولیت کی منظوری دی،ڈاکٹر عشرت حسین نے کابینہ کو وفاقی دارالحکومت کا حجم ، کام کے طریقہ کار، مختلف محکموں اور وزارتوں کی افرادی قوت اور اس تعداد کو منطقی حد تک لانے کے حوالے سے کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کی جانب سے مرتب کی جانے والی سفارشات کابینہ کے سامنے پیش کیں۔ وفاقی کابینہ نے کرتارپور راہداری منصوبے کو پیپرا رولز سے استثنیٰ دینے ، جوائنٹ انوسٹمنٹ کمپنیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی سمری ،معاون خصوصی برائے توانائی کی گردشی قرضے کے خاتمے کے پلان پر بریفنگ، ڈاکٹر عشرت حسین کی پی آئی اے کی ری سٹرکچرنگ پر بریفنگ موخر کر دی۔فواد چودھری نے کہا احسن اقبال،شاہد خاقان عباسی اور مولانا فضل الرحمن ہوں یا دوسرے سب ہوں، ان کی اسلام کی نہیں، اسلام آباد کی لڑائی ہے ،انہوں نے حکومت کو گرانے کی ہرممکن کوشش کرلی ، شاہد خاقان عباسی نے غنڈوں والا رویہ اپنایا،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکے بارے میں غلط الفاظ کی ادائیگی پر شاہد خاقان عباسی کی مذمت کرتے ہیں،ماضی میں قومی اداروں کو تباہ کیا گیا، اپوزیشن کو بارہا کہہ چکے ہیں کہ انتخابی اصلاحات کے بارے میں مل بیٹھیں، پارلیمنٹ میں ہمیں دنگا فساد کے بجائے مہذب رویہ اختیار کرنا چاہئے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا شہیدپولیس اہلکاروں کو نہیں بھول سکتے ، قتل کی ایف آئی آر عدالت ہی ختم کرسکتی ہے ، حالیہ دنوں میں تشدد کو ہوا دینے والے ٹوئٹر اکائونٹس بھارت سے آپریٹ ہورہے ہیں۔