اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍وقائع نگار) وفاقی کابینہ نے نیشنل سائبر سکیورٹی پالیسی 2021 کی منظوری دے دی،چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے لئے فیصلہ کیا کہ 30نومبر2021تک چینی پر سیل ٹیکس کا نفاذ ایکس مل پرائس پر کیا جائے گا،سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کے بیرونی ممالک سے معاہدوں کے حوالے سے نئے فریم ورک اور حکمت عملی کی منظوری دی،وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پروٹوکول سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی،صدر مملکت ، وزیراعظم، کابینہ ارکان ،گورنرز ، وزراء اعلیٰ کی وفاق میں سکیورٹی پر سالانہ 70 کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں۔ اجلاس میں الیکشن ڈیوٹی کے دوران شہید 4 فوجی جوانوں اور 2 پی ٹی آئی ورکرز کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔وزیر اعظم عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ۔اجلاس میں 24 سے زائد ایجنڈا نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کابینہ کو وفاقی دارالحکومت، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سیاسی رہنمائوں بشمول وزیرِ اعلیٰ، وزرا، مشیران و معاونین، جج صاحبان، سابقہ صدور و وزیرِ اعظم صاحبان اور سرکاری شخصیات کے ساتھ تعینات سکیورٹی اہلکاروں اور ان پر اٹھنے والے اخراجات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت پولیس کی جانب سے صدر ، وزیرِ اعظم، گورنرز، وزیرِ اعلیٰ، وزرا، وزرائے مملکت ، مشیران اور معاونین خصوصی کی سکیورٹی پر 762پولیس اہلکار، 14رینجرز جبکہ 50ایف سی رہلکار تعینات ہیں جن پر کل 700.98ملین سالانہ اخراجات ہیں، جج صاحبان کی سکیورٹی پر 377پولیس اہلکار، 24رینجرز اور 8ایف سی اہلکار تعینات ہیں جن کے اخراجات 287.368ملین روپے سالانہ ہیں،پنجاب پولیس کی جانب سے وزیرِ اعظم، گورنر، وزیر اعلیٰ کو سکیورٹی فراہم کرنے کا سالانہ خرچہ446.86ملین روپے ہے ، سابقہ وزرائے اعلیٰ، وفاقی و صوبائی وزراء اور مشیران و معاونین خصوصی کو سکیورٹی فراہم کرنے کی مد میں 105.87ملین روپے ، جج صاحبان کو سکیورٹی فراہم کرنے کی مد میں 1143.17ملین روپے جبکہ سرکاری شخصیات کو سکیورٹی فراہم کرنے کی مد میں 833.616ملین روپے سالانہ کے اخراجات ہیں۔کابینہ نے فیصلہ کیا کہ سکیورٹی بطور اسٹیٹس سمبل نہیں بلکہ جائز ضروریات کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی،اس حوالے سے کابینہ نے اعلیٰ سطح کی تھریٹ اسیسمنٹ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی۔ کابینہ نے بڑا فیصلہ لیتے ہوئے سرمایہ کاری بورڈ کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ کاروباری عمل کو آسان بنانے کے حوالے سے فرسودہ قوانین و شرائط کو ختم کرنے کے لئے مجوزہ قانون سازی کرنے کے عمل کا اجراء کرے ۔اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کے بیرونی ممالک سے معاہدوں کے حوالے سے نئے فریم ورک اور حکمت عملی کی منظوری دی۔ کابینہ نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے ایف آئی اے کی عمل داری کو مزید موثر بنانے کے لئے Prevention of Smuggling of Migrants Act 2018 اور Prevention of Trafficking in Person Act 2018کو ایف آئی اے ایکٹ 1974کے شیڈول میں شامل کرنے کی منظوری دی۔کابینہ نے چیک ریپبلک کے ساتھ دوہری شہریت رکھنے کی تجویز کی منظوری دی۔اجلاس میں حکومتی ایڈوٹائزمنٹ پالیسی 2021کی منظوری بھی دی گئی۔کابینہ نے کموڈور راحت احمد اعوان کی بطور منیجنگ ڈائریکٹر کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کراچی تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کے بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی پر غور کیا گیا۔ چیف ماہر شماریات (Chief Statistician ) تعیناتی کا ایجنڈا موخر کر دیا گیا۔کابینہ نے ہائیڈروکاربن ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان کے بورڈ آف گورنرز میں چار ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ نے جینکو ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ احمد تیمورناصر ، ڈائریکٹر و ممبر جی ایچ سی ایل بورڈ آف ڈائریکٹرز کو مستقل چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی تک عارضی طور پر چارج دینے کی منظوری دی۔کابینہ نے جینکو ہولڈنگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی منظوری دی۔کابینہ نے چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کے لئے فیصلہ کیا کہ 30نومبر2021تک چینی پر سیل ٹیکس کا نفاذ ایکس مل پرائس پر کیا جائے گا۔کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراطلاعات ونشریات فوادچودھری نے کہا ن لیگ کو آزاد کشمیر میں اپنی بری شکست کو تسلیم کرلینا چاہئے ۔وزیر اطلاعات نے کہا وفاقی کابینہ نے کشمیر الیکشن میں پی ٹی آئی کی جیت پر علی امین گنڈا پور اور مراد سعید کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہاکابینہ نے شعبہ آئی ٹی میں سپیکٹرم نیلامی کی منظوری دی،سرکاری کارپوریشنز کے ملازمین کیلئے ویکسین لگوانا لازمی قراردیا جارہا ہے ،اگر رضاکارانہ طور پر ویکسین لگانے کی شرح میں اضافہ نہ ہوا تو ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سم بندکرنے کا آپشن کھلا ہے ۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں کوئی تعطل نہیں ۔ انہوں نے کہا پاکستان لوگوں کیلئے انتہائی محفوظ ملک ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پاکستان پر بھارتی جاسوس حملے کی تحقیقات کیلئے ماہرین کی فہرست کو حتمی شکل دی جارہی ہے ، رپورٹ اقوام متحدہ میں پیش کی جائے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا وزیراعظم عمران خان اگست کے دوسرے ہفتے تک آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا فیصلہ کرلیں گے ۔علاوہ ازیں فواد چودھری نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری پر ڈیڈ لاک کا تاثر درست نہیں، وزیراعظم آئین کے مطابق اپوزیشن لیڈر سے اس معاملے پر رائے لیں گے ۔ انہوں نے کہا انتخابی اصلاحات اور نیب قوانین پر بھی حکومت کھلے دل سے آگے بڑھنا چاہتی ہے ۔