اسلام آباد، نیویارک (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ، صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ملک میں پولیوکیسز میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس کی روک تھام کیلئے مکمل آگاہی اور قطرے پلانے کی موثر مہمات چلائی جائیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے وزیر اعظم آفس میں ملک میں پولیو کی صورتحال پر اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ ڈاکٹر ظفرمرزا، وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان، وزیر اعلی بلوچستان جام کمال، چیف سیکرٹری پنجاب ، چیف سیکرٹری سندھ و دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔ بین الاقوامی پارٹنر اداروں بل اینڈ میلنڈا گیٹس سے ڈاکٹر ٹم پیٹر سن، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن سے ڈاکٹرپلیتھا گونارستھنا ماہی پالے ،یونیسیف سے ڈاکٹر جون ایگبور،انجینئرانچیف لیفٹینٹ جنرل معظم اعجاز، کینیڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور بھی اجلاس میں موجود تھیں۔ وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابر عطا نے ملک میں پولیو کی موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعظم کو پولیوکے خاتمے کیلئے اُٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیاگیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 18-2017ء میں انسداد پولیو کیلئے اپنائی گئی حکمت عملی میں خامیوں کی وجہ سے بنوں ڈویژن میں پولیو کیسز میں اضافہ ہوا۔وزیراعظم نے انسداد پولیو اور احساس پروگرام پر عملدرآمد کیلئے مربوط حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی اور کہا پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وفاق اور صوبائی حکومتیں پولیو کے خاتمے کیلئے مؤثر مہم چلائیں۔ اجلاس میں انسداد پولیو مہم میں پاک فوج سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس کے اعلامیے کے مطابق ملک کے دور دارز علاقوں تک رسائی اور بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلانے میں پاک فوج معاونت کرے گی۔اجلاس میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کا وزیراعظم عمران خان کو خط بھی پیش کیا گیا۔ بل گیٹس نے خط میں لکھا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کوششوں پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پولیو کو ختم کرنے کیلئے والدین کے ذہنوں سے شکوک وشہبات نکالنا بہت ضروری ہے ۔ حفاظتی ٹیکہ جات ای پی آئی پروگرام پر حکومت کی خصوصی توجہ درکار ہے ۔ بل گیٹس نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور احساس پروگرام کی بھی تعریف کی اور خیبرپختونخوا میں بڑھتے پولیو کیسز پر اجلاس طلب کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ بل گیٹس نے ستمبر میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔