لاہور(سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنائاللہ نے کہا ہے حکومت پنجاب اور وفاق میں چند ووٹوں سے کھڑی ہے ،خیبر پختونخوا یا پنجاب میںعلیحدہ پارلیمانی گروپ یا وزرا کی بغاوت کرپشن اور بری گورننس کی وجہ سے ہے ،اتنی کم اکثریت سے کوئی حکومت چل نہیں سکتی،اتنا متکبر وزیر اعظم کسی کی بات نہیں سنتا،ڈیڑھ سال کے عرصے میں حکومت ہر محاذ پر مکمل ناکام رہی ہے ،پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ان حالات کے بعد بہتری نہیں ہو پائے گی،موجودہ سیاسی صورتحال میں ہر کسی کے ایک دوسرے سے رابطے جاری ہیں،سیاست میں رابطے تو رہتے ہیں۔پارٹی سیکرٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگومیں انہوں نے کہا لوگوں میں بے چینی بھی بری گورننس کی وجہ سے ہے ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کو بنی گالہ سے چلایا جا رہا ہے ،پنجاب کے تمام وزرارو رہے ہیں، حکومت کا جانا ٹھہر گیا،قبل از وقت شفاف انتخابات ہی واحد حل ہیں،نواز شریف صحت مند ہوتے ہی واپس آ جائیں گے ،شہباز شریف اپنے علاج کے علاوہ اس حکومت کا علاج بھی کر رہے ہیں،ان کی کوشش ہے حکومت کا علاج جلد مکمل ہو سکے ،چوہدری نثار سے رابطوں کا مجھے علم نہیں ۔فیاض چوہان کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف کو آٹے چینی کا بھاؤ معلوم ہو جائے ، پنجاب اور وفاق میں الگ الگ فارڈ بلاک بن چکے ہیں،پنجاب حکومت کو جلد معلوم ہو جائے گاعوام ان سے کتنا تنگ آچکے ہیں،بلدیاتی الیکشن میں عوام ان کا تاریخی حشر کرینگے ،آٹھ اور چار سیٹیوں پر بننے والی حکومت کے وزیر وں کوبڑے بول زیب نہیں دیتے ،ہمارے پنجرے اور پرندے چیک کرنے والے اپنے پرندوں پر غور کریں،حکومتی پرندے کب سے پرواز کرنے کو تیار بیٹھے ہیں،پنجاب میں عمران خان خود ناراض ارکان کی منتیں کرنے آئے ۔