لاہور(قاضی ندیم اقبال) محکمہ اوقاف پنجاب کے لاہورزون میں 1985سے 2018 تک تعینات رہنے والے 12ایڈمنسٹریٹرز اور 22منیجرز کے خلاف وقف اراضی کو فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی پاداش میں اینٹی کرپشن میں پرچہ درج کر لیا گیاجبکہ وقف پلاٹس غیر قانونی طورپر خرید کر وہاں گھر بنانے والے شہریوں میں سے ابتدائی طورپر18افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا،مذکورہ صورتحال کے تناظر میں محکمہ کے پنجاب بھر میں تعینات حاضر سروس افسروں نے سر جوڑ لئے اور کئی سالوں سے کام نہ کرنے والی اوقاف آفیسرز ایسویسی ایشن بحال کرنے کے لئے پس پردہ کام شروع کر دیا۔بیشتر نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کے ساتھ 1985سے 2018 تک محکمہ میں بطور ڈائریکٹر سٹیٹ اور سیکرٹری اوقاف تعینات رہنے والوں کے نام بھی پرچے میں شامل کرنے کا باضابطہ مطالبہ کر دیا۔ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے درج کی گئی، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ موضع ہنجروال میں محکمہ اوقاف کے مجموعی رقبہ میں سے محکمہ کے افسران کو 99سالہ لیز پر غیر قانونی طور پر الاٹ کیا گیا جس پر متاثرہ فریق نے پہلے عدالت عالیہ اور بعد ازاں عدالت عظمی سے رجوع کیا۔ دونوں معزز عدالتوں سے فیصلہ متاثرہ فریق کے حق میں ہوااور 2005میں عدالت عظمی نے وقف لیز منتقلی کو غیر قانونی قرار دے دیا،محکمہ کے افسروں نے وقف اراضی پر موجود ناجائز قابضین کے خلاف کوئی کارروئی نہیں کی ، افسروں اور ملازمین کی غفلت کے سبب محکمہ اوقاف کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ذرائع کے مطابق مجاز اتھارٹی سے منظوری کے بعد 12ایڈمنسٹریٹرز لاہور زون جن میں محمد احمد، احمد علی ظفر، رانا مشتاق احمد، رائو فضل الرحمن ، رانا محمد خالد چوہدری ،منیر احمد (مرحوم) شمس الحق، چوہدری طاہر احمد، عبد الستار خان،عظیم حیات، غلام عباس عباسی ، سردار معین اسلم موکل کے نام شامل ہیں ان سبھی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سرکل چھ لاہور میں تعینات رہنے والے 22منیجرز جن میں شیخ قربان، حاجی محمد اسلم، منیر احمد (مرحوم )،بشارت محمود، محمد سعید بٹ، ایاز حبیب، ملک محمد رفیق، بدر حیات، سید افضال نقوی، گوہر مصطفی ، شاہد حمیدورک، ایوب جمشید، عبد الرحمن کیانی ، شیخ یونس، شفیق کھوکھر،جہانگیر اقبال، رانا جعفر،وقاص منصور، صہیب افضل، جام شاہد اقبال، اظہر فرید بھٹی، عرفان محمودراجہ کے نام شامل ہیں ان کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا ،دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں تعینات محکمہ اوقاف کے افسروں نے گزشتہ48گھنٹے کے دوران مسلسل رابطہ کرتے ہوئے عرصہ دراز سے غیر فعال ’’اوقاف آفیسرز ایسویسی ایشن ‘‘ کو از سر نو متحرک کرنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غفلت صرف محکمہ کے افسروں اور ملازمین سے ہی نہیں ہوئی ۔ 1985سے 2018تک محکمہ میں تعینات رہنے والے سبھی ڈائریکٹر سٹیٹ اورتمام سیکرٹریز اوقاف کے خلاف بھی مقدمات درج کئے جائیں۔ذرائع نے بتایا کہ آنے والے 36گھنٹوں میں پنجاب بھر کے اوقاف آفیسرز کا اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں اہم اور سخت فیصلے بھی متوقع ہیں۔