لاس اینجلس (شوبزڈیسک) ہولی وڈ اداکار 50 سالہ ول سمتھ یوں تو حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’الہ دین‘ کی کامیابی کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔تاہم ان کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ آئندہ سال ریلیز ہونے والی ہولی وڈ سپورٹس ڈرامہ فلم ’کنگ رچرڈ‘ میں شہرت یافتہ امریکی ٹینس سٹارز 38 سالہ وینس ولیمز اور 37 سالہ سرینا ولیمز کے والد کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے ۔ ول سمتھ فلم میں ٹینس سٹارز بہنوں کے والد اور ٹینس کوچ 77 سالہ رچرڈ ولیمز کا کردار ادا کریں گے ۔’کنگ رچرڈ‘ کی ہدایات رینالڈو مارکس گرین دیں گے اور اسے وارنر برادرز کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔سپورٹس ڈرامہ فلم کو ٹم اور ٹریور وائٹ، جیمز لیسٹر، جیڈا پنکٹ، ایلن منڈال بم اور سلیب پنکٹ پروڈیوسر کریں گے ۔فلم کو آئندہ برس 25 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم میں سرینا اور وینس ولیمز کا کردار کون ادا کرے گا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ ول سمتھ کی کسی فلم کی ہدایات سیاہ فام ڈائریکٹر دیں گے ۔اس فلم میں تمام کاسٹ سیاہ فام اداکاروں پر مشتمل ہوگی کیونکہ سرینا اور وینس ولیمز اور ان کے والد بھی سیاہ فام ہیں۔