سینٹ جانز (سپورٹس ڈیسک) کیرون پولارڈ کی مختصر مگر غیر معمولی اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ پولارڈ نے اکیلا دننجیا جنہوں نے اسی میچ میں ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کیا تھا، ان کے ایک ہی اوور میں لگاتار 6 چھکے جڑ دیئے ۔ ویسٹ انڈین کپتان پولارڈ کسی انٹرنیشنل میچ میں لگاتار 6 چھکے لگانے والے دنیا کے محض تیسرے کھلاڑی بن گئے ،قبل ازیں جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز اور یووراج سنگھ نے 2007 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ پولارڈ 11 گیندوں پر 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ میزبان ٹیم نے 132 رنز کا ہدف 13.1 اوورز میں 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ ڈننجیا نے ایوین لوئس، کرس گیل اور نکولس پورن کو آؤٹ کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ ڈی سلوا نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اینٹیگا میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن ٹیم9 وکٹوں پر 131 سکور کر سکی تھی۔