پشاور(92نیوز)خیبرپختونخوا کابینہ نے خاصہ دار اور لیویز فورس کو پولیس میں ضم اور سپیشل پولیس فورس کو مستقل کرنے کے قانون کی منظوری دے دی ہے ۔انضمام کے بعد دونوں فورسز کو پولیس ایس فور س کی تمام مراعات،سہولیات اور فوائد حاصل ہوں گی،کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیرصدارت منگل کو پشاور میں ہوا۔صوبائی کابینہ نے سیلز ٹیکس آن سروسز (آڈٹ) رولز 2019ء اور سیلز ٹیکس آن سروسز (ریکوری) رولز ، سرائے نورنگ ضلع لکی مروت میں سپیشل لیوی پولیس ٹریننگ سنٹر کے لئے 50 کنال زمین کی خریداری کیلئے 405.229 ملین روپے ، محکمہ بہبود آبادی کے تحت مانع حمل ادویات کی خریداری کیلئے متعلقہ رولز میں ضروری استثنیٰ ،انوائرنمنٹیل امپروو منٹ فنڈ بورڈ کے قیام کی بھی منظوری دیدی۔