اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، این این آئی) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام میں پائیدار امن باہر سے مسلط نہیں کیاجاسکتا، فوجی اور پولیس دستوں کی سب سے بڑی تعداد دینے والے ملک کے طور پر پاکستان کوقیام امن کی اقوام متحدہ کی کوششوں کی تاریخ پر فخر ہے ،پاکستان امن کی بحالی، تنازعات سے بچائو اورپائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی خاطر کثیرالقومی تعاون کیلئے پر عزم ہے ،ترقی پزیر ممالک کیلئے ایک بڑی دقت اور رکاوٹ تجارتی بنیادوں پر قابل عمل منصوبہ جات تیار کرنے کی اہلیت کا فقدان ہے جس سے عالمی سرمایہ کاری کا حصول ممکن نہیں ہوپاتا۔ آئیے ہم قیام امن فنڈ کو ان ممالک کی مدد کیلئے بروئے کار لائیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے قیام امن فنڈ کیلئے اعلیٰ سطح کی(ری پلینشمنٹ) کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں درپیش شدید مالی مشکلات کے باوجود یہ اعلان کرتے ہوئے مجھے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ سیکرٹری جنرل کے قیام امن کیلئے قائم فنڈ میں ہم 25 ہزارڈالر عطیہ کررہے ہیں۔دریں اثناء کویت کے نائب وزیر خارجہ برائے ایشیائی امور علی سلیمان آل سعید نے وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون ،خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیر خارجہ نے کویتی قیادت کی طرف سے ، جی سی سی ممبر ممالک کے باہمی تنازعات کے حل کیلئے کی جانیوالی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔ملاقات میں عالمی فورمز کی سطح پر دو طرفہ تعاون کو اطمینان بخش قرار د یا اور باہمی دلچسپی کے امور پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ بعدازاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چیئرمینخارجہ امور کمیٹی مشاہد حسین سید کو بھارتی ریاستی دہشتگردی کے ناقابل تردیدشواہدپرمبنی ڈوزیئر سپردکردیا۔