ملتان (خبر نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ حکومتیں وعدوں کے باوجود پانچواں صوبہ نہیں بنا سکیں۔ پی ٹی آئی کا سونامی بدنامی میں بدل گیا اور اب اختتامی سفر پرچل پڑا ہے ۔ ملک کو کرونا وائرس یا حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے زیادہ نقصان پہنچااس کا فیصلہ تو وقت کرے گا، مگر یہ واضح ہو گیا ہے کہ قوم اب پی ٹی آئی کے سونامی سے پناہ مانگنے لگی ہے ، لوگ وائرس سے کم اور حکمرانوں سے زیادہ خوفزدہ ہیں۔ کوئی شک نہیں سونامی اور کرونا اللہ تعالیٰ کی طرف سے عذاب ہیں۔ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام کی فرسٹریشن عروج پر ہے ۔ فٹ پاتھوں پر سونے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ۔ قوم سے اپیل کرتا ہوں اب جماعت اسلامی کو آزمائے ۔ ڈسکہ میں لڑنے والے اپنے مفادا ت کے لیے پنجاب اسمبلی میں ایک ہو گئے ۔ 21مارچ کو ملتان میں بڑا جلسہ کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے اس امر پر افسوس اور حیرانی کا اظہار کیا کہ ایف اے ٹی ایف کے غلامانہ قوانین کی آنکھیں بند کر کے پیروی کرنے کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں ہی رکھا گیا ہے ۔ بعدازاں انہوں نے جماعت اسلامی کے مقامی رہنما ملک سجاد وینس کے والد ملک غلام مصطفی وینس کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کیا اور مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔