اسلام آباد،لاہور،پشاور (سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک) سینٹ انتخابات میں اسلام آباد سے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے بعد وزیر اعظم نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کرلیا جبکہ حکومت نے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کو بھی چیلنج کر نیکا اعلان کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے وفاقی وزراشفقت محمود،اسدعمر،علی زیدی،فوادچودھری،شیریں مزاری سمیت 11رکنی حکومتی ٹیم کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ عمران خان ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے ،جو عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں وہ ایک طرف دکھائی دیں گے ،جو ساتھ نہیں اسے حق ہے دوسری طرف چلاجائے ،واضح ہوجائے گا کون کہاں کھڑا ہے ،عمران خان کاواضح موقف ہے کہ ایوان کے اعتمادتک وہ وزیراعظم ہیں،وزیراعظم کے تمام خدشات درست ثابت ہوئے ،قومی اسمبلی کی ایک سیٹ پر ہماری خاتون ممبر کامیاب ہوئیں، ضمیروں کے سوداگروں نے جمہوریت کے نام پر ضمیروں کی خریداری کی، گیلانی کی جیت کیلئے ہر حربہ استعمال ہوا،گیلانی کی جیت نے وزیراعظم کے خدشات پر مہر لگادی، گیلانی کی سیٹ پرہمیں پہلے ہی اشارے مل رہے تھے ،انہیں یقین دلایاگیاتھاآپ کوجتوانے کیلئے ہرحربہ آزمایاجائیگا،ہم نے آئینی ترمیم کی کوشش کی اوربل اسمبلی میں لے کرگئے ،ہم نے اپوزیشن کودعوت دی کہ اوپن بیلٹ کی طرف جاتے ہیں،اپوزیشن کے کہنے اورکرنے میں تضادواضح ہوگیا،ویڈیو آنے کے بعد الیکشن کمیشن پر زیادہ ذمہ داری آتی تھی کہ وہ شفاف الیکشن کراتے ، الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داری صحیح طریقے سے نہیں نبھائی، الیکشن کمیشن شفافیت کی یقین دہانی کرانے میں ناکام رہا،،علی حیدر گیلانی کی آواز، چہرہ، حرکتیں قوم کے سامنے ہیں، ضمیروں کے سوداگروں نے ضمیروں کی خریداری کی،وقتی طورپر یزیدی قوتوں کو کامیابیان دکھائی دے سکتی ہیں،آج کا دن پاکستان کی جمہوریت کے لیے افسوسناک ہے ، جمہوریت کے علمبرداروں نے آج جمہوری قدروں کو قتل کیا ،جوطریقہ کارہے ہم اس کے تحت اعتمادکاووٹ لیں گے ،ارکان کی ناراضی کے حوالے سے سوال کے جواب میں شاہ محمودنے کہا اگرارکان ناراض تھے تو کھل کر چلے جاتے ۔ اسدعمرنے کہا کہ سیاست میں ایک طرف عمران خان،دوسری طرف پیسے کی سیاست کرنیوالے ہیں،فوادچودھری نے کہا یہ کیسے باضمیر لوگ ہیں جنہوں نے خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کو جبکہ جنرل نشست پر اپوزیشن کو ووٹ دیا،یہ کیا نظام ہے کہ اربوں روپے کمائیں اور اربوں روپے لگا کر الیکشن جیت جائیں، اس کے بعد اقتدار میں آخر دوبارہ پیسہ بنائیں ۔ شفقت محمودنے کہااعتمادکاووٹ اوپن لیاجائیگا ۔معاون خصوصی ڈاکٹرشہبازگل نے اپنی ٹویٹ میں کہاہے کہ غیر حتمی طور پر 7 ووٹ مسترد ہوئے ہیں،پانچ ووٹ کا فرق ہے ، ابھی اس نتیجہ کو چیلنج کریں گے ،ایک اورٹویٹ میں شہبازگل نے کہاپی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد 13 ووٹوں سے جیت گئی،ایک ہی بیلٹ پیپر پر لوگوں نے پیسے سے ووٹ بیچا، خان سچا ثابت ہوا۔ وزیراطلاعات شبلی فرازنے پشاورمیں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے سینٹ الیکشن کے حوالے سے خدشات سچ ثابت ہوئے ،اسلام آبادکانتیجہ عمران خان کے موقف کی تائیدہے ، ملکی وسائل لوٹنے والاطبقہ ہمیشہ ایسے ہی اقتدارمیں آتاہے ،وہ خدشات جورات ایک ویڈیو کی صورت میں سامنے آئے ،عدم اعتماد کا مطالبہ کرنے والے اپنے گریبان میں جھانکیں، سینٹ الیکشن میں کرپشن ہوئی۔سینیٹرفیصل جاویدخان نے کہاہارس ٹریڈنگ کی انتہاہوگئی، معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئے ، فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ گیلانی کی جیت دراصل جمہوری اقدار کی ہار ہے ۔ صوبائی وزیر کے پی کے شوکت یوسفزئی نے کہاہے کہ پیسہ چلانے والی پارٹیوں پرتاحیات پابندی لگنی چاہئے ۔