لاہور، اسلام آباد ، پشاور (کامرس رپورٹر، خصوصی نیوز رپورٹر ،نیوزرپورٹر )وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے ایکشن کے باوجود شہر میں پٹرول کی فراہمی یقینی نہ بنائی جا سکیں اور پٹرول کی قلت برقرار ہے ،گزشتہ روز بھی شہر کے متعدد پٹرول پمپس بند رہے جبکہ بعض پمپس پرہائی اوکٹین کی سیل جاری رہی، دوسری جانب موٹر سائیکل میں 200روپے جبکہ گاڑی میں 700روپے سے زیادہ کا پٹرول نہیں ڈالا جاتا ،21روز گزرنے کے باوجود بھی حکومت مسئلے کا مستقل حل تلاش نہیں کر سکی جس کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔نجی کمپنیوں کے علاوہ شہر میں پی ایس او کے پمپس بھی بند پائے گئے ،کئی مقامات پر کھلے پٹرول کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے ۔ اسلام آباد میں بھی پٹرول کی قلت سے عوام خوار ہورہے ہیں ۔ ادھر پشاور سمیت صوبے بھر میں پٹرول مافیا کیخلاف آج سے گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ،صوبہ بھر میں پٹرول بحران کے ذمہ داروں کی گرفتاری کے لئے خیبر پختونخوا پولیس ، اوگرا ، ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پرکارروائی کرینگے ۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں پٹرول بحران میں ملوث30 افراد جبکہ صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 150سے زائد افراد کی گرفتاری کا امکان ہے ۔