اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی ) وزیراعظم عمران خان نے احساس کیش پروگرام کے دائرہ کارمیں توسیع کی ہدایت کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روزوزیراعظم عمران خان سے انکی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹرثانیہ نشترنے ملاقات کی۔ ڈاکٹرثانیہ نے وزیراعظم کو احساس کے نئے پروگرام احساس نشوونما کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم نے احساس کیش پروگرام کے دائرہ کارمیں توسیع کی ہدایت کی،وہ چندہفتوں کے بعد احساس نشوونماپروگرام کاآغازکرینگے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان 17 جولائی کو کہوٹہ کا دورہ اور وہاں شجر کاری مہم کا افتتاح کرینگے ۔ کہوٹہ میں درخت کاٹنے اور جنگلی حیات کو نقصان پہنچانے کی شکایات آرہی تھیں۔ وزیر اعظم کے دورہ کہوٹہ کے باعث لاہور شجر کاری مہم کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی۔ عمران خان اب رواں ہفتے کے بجائے آئندہ ہفتے لاہور کا دورہ کرینگے ۔ وزیر اعظم پنجاب کی شجرکاری مہم کا آغاز لاہور سے کرینگے ۔