لندن(سپورٹس ڈیسک) امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز اور رومانوی کھلاڑی سیمونا ہالپ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن ویمنز سنگلز کا فائنل آج کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ویمنز سنگلز سیمی فائنلز میں 23 مرتبہ کی گرینڈ سلام چیمپئن سرینا ولیمز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوریہ چیک کی بربورا سٹرائیکووا کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور 6-2 سے ہرا کر فیصلہ کن میچ کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔رومانوی کھلاڑی سیمونا ہالپ نے یوکرینی کھلاڑی ایلینا سویتولینا کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور 6-3 سے شکست دے کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ دونوں کے درمیان فائنل میچ 13 جولائی بروز ہفتے کو کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ ہالپ نے پہلی مرتبہ ومبلڈن اوپن فائنل تک رسائی حاصل کی ہے جبکہ سرینا ولیمز کو 7 مرتبہ ومبلڈن اوپن چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے ۔