لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 192 کھلاڑیوں کیلئے ڈومیسٹک کنٹریکٹ برائے 21-2020 کی کٹیگریز کا اعلان کردیا ہے ۔ان 192 کھلاڑیوں میں سے 10 کرکٹرز کو اے پلس کٹیگری دی گئی ہے جس میں یا تو ڈومیسٹک کرکٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی شامل ہیں یا پھر وہ کھلاڑی جو قومی اسکواڈ کا حصہ تو ہیں مگر ان کے پاس پی سی بی کا سنٹرل یا ایمرجنگ کنٹریکٹ نہیں ہے ۔ان دس کھلاڑیوں کا انتخاب چیف سلیکٹرمصباح الحق نے کیا ہے ۔ان کھلاڑیوں میں عمران بٹ ، نعمان علی ، ظفر گوہر، بلال آصف ، فواد عالم ، فہیم اشرف ، عمران خان سینئر ، کاشف بھٹی ، سہیل خان اور خوشدل شاہ شامل ہیں۔اے پلس کٹیگری کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنیوالے مصباح الحق کا کہنا ہے کہ وہ ان دس کھلاڑیوں کو اے پلس کٹیگری کا حصہ بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں،دراصل یہ ان تمام کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک سیزن 20-2019 میں انتھک محنت کا صلہ ہیجس کی بدولت ان میں سے کسی نے ڈومیسٹک کرکٹ تو کسی نے پاکستان کرکٹ ٹیم میں جگہ بنائی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ کچھ کھلاڑیوں کے لیے یہ مشکل وقت ہوگا مگر سمجھنا چاہیے کہ ہم اس کٹیگری کے لیے صرف 10 کھلاڑی ہی منتخب کرسکتے ہیں، میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہر کھلاڑی کو یقین دلاتا ہوں کہ قومی اسکواڈ کے لیے اس کی دستیابی برقرار رہے گی اورآئندہ سال اس کے کنٹریکٹ کی کٹیگری میں اضافہ اس کی ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں کارکردگی پر منحصر ہے ۔دوسری طرف اے پلس کٹیگری کے کرکٹرز کو ڈیڑھ لاکھ ، اے کو 85 ہزار، بی کو 75ہزار ، سی کو 65 جبکہ ڈی کیٹیگری کو 40 ہزار ماہانہ ملیں گے ۔