اسلام آباد،لاہور، کراچی ،پشاور ( کامرس رپورٹر ، اپنے رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹر ،ایجنسیاں ) ملک بھر میں کوروناوائرس کے مزید83مریض انتقال کر گئے جس کے بعد مرنیوالے مریضوں کی مجموعی تعداد 9164تک پہنچ گئی۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 2972نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے ملک میں کل رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 4لاکھ 51ہزار 494تک پہنچ گئی ۔وفاقی وزیر اسد عمر، پنجاب پولیس کے 21 افسر ،اہلکار بھی مرض میں مبتلا ہو گئے ۔ این سی اوسی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق سندھ کورونا کے کل رپورٹ ہونے والے کیسز، صحتیاب مریضوں اور فعال کیسز کے اعتبار سے ملک بھر میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ پنجاب دوسرے نمبر پرہے ، اموات کی تعداد کے اعتبار سے پنجاب ملک بھر میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ صوبہ سندھ دوسرے نمبر پرہے ،گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 39ہزار 171نئے ٹیسٹ کئے گئے ۔ ملک بھرمیں مثبت کیسز کی شرح7.59 فیصد ہو گئی۔ حیدرآباد میں کورونا مثبت کیسزکی شرح سب سے زیادہ 24.59فیصد ہے ۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے 831نئے کیسز رپورٹ ہو ئے ہیں ،لاہور 403،راولپنڈی184 ،سرگودھا13، فیصل آباد 23 کیسز رپورٹ ہوئے ،کورونا سے مزید31ہلاکتیں ہوئیں ۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹویٹر پر بتایا کہ میں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا ہے ۔ پنجاب پولیس کے مزید 21افسران و اہلکار کورونا کا شکار ہو گئے انہیں قرنطینہ کر دیا گیا۔ سی سی پی او کا کا کہنا ہے کہ حکومتی ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد کر ایا جا رہا ہے ،ایل ڈی اے کا ایک اور افسراسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینئرنگ کورونا کا شکار ہو گیا۔ پشاور میں کورونا وائرس سے خیبر پختونخوا میں ایک اورڈاکٹر مظفر سید شہید ہو گیا جس سے شہید ڈاکٹروں کی تعداد 37 ہوگئی سندھ کے مدارس میں تدریس پر پابندی کا فیصلہ حکومت سندھ نے مدارس منتظمین کے ساتھ مشاورت تک موخرکردیاہے ،حکومت سندھ نے وزیربلدیات کودینی مدارس کے منتظمین سے فوری مشاورت کی ہدایت کردی ۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 کروڑ 52 لاکھ 82 ہزار 798 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 16 لاکھ 68 ہزار 356 ہو گئیں۔صدر ٹرمپ نے موڈرنا کی کوروناویکسین کی منظوری کا اعلان کردیا،امریکی صدر نے سوشل میڈیاپر جاری اپنے بیان میں کہا کہ موڈرنا کی کورونا ویکسین کی منظوری دیدی گئی ہے اور اب فوری طور پر اس کی ڈسٹری بیوشن شروع ہوجائے گی۔انہوں نے ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کو چا ئینہ وائرس قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک شدید متاثر ہوئے ۔ سکاٹ لینڈ بھر میں کورونا کی دوسری لہر نے پھر شدت اختیار کر لی ، حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر پولیس نے اب تک دوہزار شہریوں کو جرمانے کیے اور 279 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔امریکی نائب صدر مائیک پینس اور انکی اہلیہ نے لائیو ٹیلی کاسٹ میں کورونا کی ویکسین لگوائی تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو،جمہوریہ سلوواکیہ کے وزیراعظم ایگور ماتووچ کورونا کا شکار ہو گئے ،عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے غریب ممالک کو اگلے سال کی پہلی سہ ماہی میں ویکسین کی فراہمی شروع ہو گی۔کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے کورونا ویکسین کی ذخیرہ اندوزی نہیں کی ۔