لاہور(کلچرل رپورٹر) ویمن لیڈرز ایوارڈکے پہلے ایڈیشن میں گیارہ پاکستانی اور غیر ملکی خواتین جبکہ ایک مرد کو سیاسی‘ معاشی‘ صحت عامہ‘ ایڈونچراسپورٹس‘ انسانی حقوق ‘صحافت اورحقوق نسواں جیسے شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے پر ایوارڈ سے نو ازا گیا۔اس تقریب کا انعقاد گورنر ہاؤس کراچی میں کیا گیا جس کے مہمان خصوصی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی تھے جبکہ دیگر شرکاء میں امریکی سفیر پال ڈبلیو جونز ‘ قونصل جنرلز‘ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور دیگر معززین شامل تھے ۔ امریکی سفیر پال ڈبیلو جونز نے کہا کہ امریکہ ہمیشہ مرد اور عورت یکساں مواقع فراہم کی کوشش کرتا ہے ۔ صدر پاکستان عارف علوی نے اپنی تقریر میں کہا ’’ہمارے عظیم لیڈر قائداعظم نے کہا تھا کہ کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس قوم کی عورتیں ‘مردوں کے شانہ بشانہ مل کر اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا نہ کریں۔