لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2020 میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم اپنے سفر کا آغاز آج کینبرا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ رینکنگ میں پاکستان ساتویں اور ویسٹ انڈیز پانچویں نمبر پر موجود ہے ۔انفرادی رینکنگ میں بسمہ معروف دنیا کی 11ویں بہترین بیٹر اور انعم امین 13ویں بہترین باؤلر ہیں۔17 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں کْل 23 میچز کھیلے جائیں گے جہاں دنیا بھر کے 10 بہترین ممالک کی ٹیمیں عالمی چیمپئن بننے کی اس جنگ میں صف آراء ہوں گی،میزبان آسٹریلیا کی ویمنز کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ایونٹ 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا کے چار شہروں، سڈنی، پرتھ، کینبرا اور میلبرن میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا فائنل عالمی یوم خواتین کے موقع پر میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے ۔ گروپ بی میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیزکی ویمنز ٹیمیں شامل ہیں۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم 26 فروری کو کینبرا میں اپنا پہلا میچ کھیلنے کے بعد 28 فروری کو اسی میدان پر انگلینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی، جس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم سڈنی روانہ ہوجائے گی جہاں وہ یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے اب تک کھیلے گئے تمام آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کی ہے ۔میگا ایونٹ کے لیے نیشنل ویمنز اسکواڈ میں شامل دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں جویریہ خان، منیبہ علی، انعم امین اور ندا ڈار شامل ہیں۔اس موقع پر کسی بھی آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے بہترین باؤلنگ کا اعزاز رکھنے والی اسپنر انعم امین ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی اسپنر انعم امین نے بتایا کہ وہ ایونٹ میں شرکت پر بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ابتدائی طور پر ان کا ہدف پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی دلوانا ہے ۔ بائیں ہاتھ کی اسپنر کا کہنا ہے کہ وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا عزم لیے میدان میں اتریں گی۔ انہوں نے کہاکہ وہ فی الحال خواتین باؤلرز کی عالمی رینکنگ میں تیرہویں نمبر پر موجود ہیں مگر وہ شاندار باؤلنگ کے ذریعے دنیائے کرکٹ کی دس بہترین خواتین اسپنرز میں شامل ہونا چاہتی ہیں۔انعم امین نے کہاکہ انہیں بچپن سے کرکٹ سے محبت ہے ۔ انہوں نے ابتدائی طور پر محلے کے لڑکوں کے ساتھ ٹیپ بال کرکٹ کھیلنا شروع کی، والدہ کی ڈانٹ کے باوجود کھیل سے لگن ان کے شوق کی پذیرائی کا سبب بنی۔ اسپنر نے کہاکہ اس دوران ان کے دادا نے انہیں بھرپور اسپورٹ فراہم کی۔اسکواڈ میں بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء ، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں آفیشلز میں سید اقبال امام (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (باؤلنگ کوچ)، عامر اقبال (فیلڈنگ کوچ)، جمال حسین ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، ڈاکٹر رفعت اصغر گل (فزیو)، عائشہ جلیل (منیجر) اور زبیر احمد (اینالسٹ) شامل ہیں