لاہور(سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق پاکستان کے بابراعظم اور فخر زمان ترقی پانے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بھارت کے ویرات کوہلی بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جب کہ ابتدائی 10 بہترین بلے بازوں میں پاکستان کے صرف بابراعظم شامل ہیں جنہوں نے ایک درجہ ترقی پاکر پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ فخر زمان گیارہویں پوزیشن پر آگئے ۔بہترین بلے بازوں کی فہرست میں بھارت کے روہت شرما دوسری اور نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر نے کیرئیر میں پہلی مرتبہ چوتھی پوزیشن حاصل کی۔آئی سی سی رینکنگ میں انگلینڈ کے جوئے روٹ نے اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھی جب کہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر تنزلی کے بعد چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ۔جنوبی افریقا کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی نے ترقی پا کر ساتویں پوزیشن سنبھال لی، بھارت کے شیکر دھاون اور نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن بدستور آٹھویں اور نویں نمبر پر موجود ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے کوائنٹن ڈی کوک تنزلی کے بعد دسویں پوزیشن پر آگئے ۔بائولنگ میں بھارت کے جسپریت بومرا پہلی ، افغانستان کے راشد خان دوسری اور پاکستان کے حسن علی 13 ویں پوزیشن پر ہیں۔ آل راؤنڈرز میں افغانستان کے راشد خان نمبر ون پوزیشن پر ہیں، پاکستان کے محمد حفیظ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ عماد وسیم 22 ویں پوزیشن پر ہیں۔آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ میں انگلینڈ پہلے ، بھارت دوسرے ، نیوزی لینڈ تیسرے جنوبی افریقہ چوتھے جبکہ پاکستان ایک پوائنٹ کے اضافے کے باوجود پانچویں نمبر پر موجود ہے ۔