لاہور(کرائم رپورٹر،وقائع نگار، 92 نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج مخالف جماعتوں کے لئے نوشتہ دیوار ہے ۔ نتائج نے ثابت کر دیا کہ پی ٹی آئی مقبول ترین جماعت ہے ۔ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا ہے ۔وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، محکمہ جنگلات کی کارکردگی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں آزاد کشمیر الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی شاندار کامیابی پر وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد دی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ موجودہ حکومت نے جنگلات کے حوالے سے پروٹیکٹڈ ایریا ایکٹ اور فاریسٹ پالیسی منظور کرائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ رواں برس مون سون سیزن میں 6 کروڑ اور رواں سال 12کروڑ پودے لگائے جائیں گے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ مختلف شعبوں کا معائنہ کیااورکاؤنٹر وائلنٹ ایکسٹریمزم (CVE)بلاک اور سی ٹی ڈی ٹریننگ سکول بلاک کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی ہیلپ لائن(080011111) کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی کے کمانڈوز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا مظاہرہ دیکھا۔فائرنگ رینج میں سی ٹی ڈی کے کمانڈوز کی فائرنگ کا مظاہرہ بھی دیکھااور خود بھی پسٹل سے فائرنگ پریکٹس کی۔ ہائی پروفائل کیسز حل کرنے اورملزمان کو گرفتار کرنے پر سی ٹی ڈی کے افسروں میں نقد انعامات اور تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اورسی ٹی ڈی فورس کیلئے 2 ماہ کی تنخواہ بطور اعزازیہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی نے صوبہ بھر میں دہشتگردی کی روک تھام کیلئے ناقابل فراموش خدمات سر انجام دی ہیں۔وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی کے ہیڈ کوارٹر میں مون سون سیزن کی شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی(ٹیوٹا)سیکرٹریٹ کادورہ کیااور مون سون سیزن شجرکاری مہم کے تحت ٹیوٹا سیکرٹریٹ کے لان میں پودا لگایا۔وزیراعلیٰ نے بلیو پوٹری(Blue Pottery) ڈسپلے سنٹرکا دورہ کیااور ڈسپلے سنٹر میں رکھی اشیاء دیکھیں۔پنجاب حکومت نے صوبے میں نئی ٹیکنیکل یونیورسٹیاں بنائی ہیں۔سیالکوٹ میں 17ارب روپے کی لاگت سے عالمی معیار کی انجینئرنگ یونیورسٹی بنائیں گے ۔انہوں نے کامیاب گریجوایٹس کومبارکباد دی اوران کی صلاحیتوں کوسراہا۔انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان کامستقبل ہیں۔نوجوانوں کوہنر مند بنا کر ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے ۔