لاہور،رینالہ خورد( کامرس رپورٹر،تحصیل رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے رینالہ خورد اوکاڑ ہ میں گندم کی بوائی کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صمصام بخاری ، سیکرٹری زراعت ڈاکٹر واصف خورشید ، مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن ڈاکٹر غضنفر ، ڈائریکٹر جنرل ( توسیع)ڈاکٹر انجم بٹر سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور کسانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ اس موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر زراعت ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کے وژن کے مطابق حکومت زراعت کی ترقی کے لئے انقلابی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمر جنسی پروگرام کے تحت گندم کی پیداوار میں 7من فی ایکڑ اضافے کے لئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں اور اس کے نتائج حاصل کرنے کے لئے بھرپو رمنصوبہ بند کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امسال (2019-20ء ) ایک کروڑ 62لاکھ ایکڑ رقبہ پرگندم کاشت کی جائے گی جوگزشتہ سال کے مقابلے میں 2لاکھ ایکڑ زیادہ ہے ۔ گندم کی پیداوار کے ہدف کا تخمینہ ایک کروڑ 95لاکھ ٹن ہے جو گزشتہ سال سے تقریباً20لاکھ ٹن زیادہ ہو گی ۔