سرگودھا، فیصل آباد( وقائع نگار،سٹاف رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک)سرگودھا میں وکلا نے حکومت کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ رجسٹری کے قیام کا اعلان مسترد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن پھاڑ ڈالا، پی ایچ اے دفتر کے ملازمین کو باہر نکال کر تالے لگا دیئے اور پی ایچ اے آفس کو ہائیکورٹ بینچ کی عمارت قرار دیتے ہوئے بینرزآویزاں کر دیئے ، وکلا نے آفس میں توڑ پھوڑ اور ججز گیٹ کی تالہ بندی کی جبکہ سوموار سے انتظامیہ کے دفاتر بھی بند کرنے کی دھمکی دیدی ،اس دوران پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔صدر سرگودھا بارعنصر بلوچ نے کہا رجسٹری نہیں ہائی کورٹ بنچ کے قیام کے بعد ہی معاملہ حل ہوگا ۔فیصل آباد میں ہائیکورٹ بنچ کے قیام کے معاملے پر وکلا میں اختلافات پیدا ہو گئے ۔گزشتہ روز ایک گروپ نے عدالتوں کے تالے کھولنے کی کوشش کی جسے دوسرے گروپ نے ناکام بنا دیا،فریقین میں تلخ کلامی سے شروع ہونے والے معاملات دست و گریباں تک پہنچے اور نوبت لاتوں ، مکوں ، گھونسوں تک آ گئی۔وکلا کے دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر شدیدتشددکیا،بعد ازاں مشتعل وکلا نے سیشن کورٹ کے سامنے ٹائر جلا کراحتجاج کیا۔