کراچی، راولپنڈی(سٹاف رپورٹر، نامہ نگار خصوصی ) پی آئی اے ٹوکیو کیلئے اپنی پروازوں کا (آج)31 مئی سے دوبارہ آغاز کریگی ۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی فروری2019 سے ٹوکیو کیلئے معطل کی گئی پروازیں 31 مئی سے بحال کی جارہی ہیں آج سے اسلام آباد سے ہفتہ وار دو پروازیں جمعہ اور پیر کو چلائی جائیں گی۔ ٹوکیو کیلئے پروازوں کی معطلی کی بنیادی وجہ جاپان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پی آئی اے کومسافروں اور کارگو کی مد میں ٹوکیو سے ایک مقررہ حد تک کوٹے کی پابندیاں تھیں جس کی وجہ سے پی آئی اے ماہانہ کوٹہ مکمل ہونے کے بعد پروازیں نہیں چلا سکتی تھی ۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر نے ذاتی کاوشوں سے قومی ائر لائن کے اس اہم مسئلے کے حل کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ، جاپان میں پاکستانیوں نے بھی فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے جبکہ وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ برٹش ایئر ویز 11 سال بعد پاکستان میں 3 جون سے ایئر سروس کا آغاز کر رہی ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دیگر غیر ملکی فضائی کمپنیاں بھی پاکستان میں اپنا فضائی آپریشن شروع کرنے کی خواہش مند ہیں۔