اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وفاقی وزیر مواصلات وپوسٹل سروسز مراد سعید نے کہاہے کہ قومی وسائل سے تعمیر کئے جانے والے منصوبوں میں شفافیت کے حوالے سے قوم و پارلیمان کو مکمل جوابدہ ہیں،تحریک انصاف کی حکومت قومی منصوبوں کی تعمیر میں شفافیت کو اعلیٰ ترین درجے پریقینی بنا رہی ہے ۔گزشتہ روز وفاقی وزیرمواصلات سے قائم مقام چینی سفیر ژاؤ لی جیانگ ، چائنہ سٹیٹ کنسٹرکشن کمپنی کے سربراہ نے ملاقات کی جس میں سی پیک پراجیکٹس کے اہم امور پر بات چیت کی گئی۔اس موقع پرمراد سعید نے کہاکہ سی پیک پاکستان اور چین کے مابین سٹریٹجک پارٹنرشپ کا عمدہ اظہار ہے ۔تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں سی پیک کامغربی روٹ فعال ہونے جارہا ہے ،ایم فائیو کی تکمیل قوم کے لئے بڑی خوشخبری ہے ، انشائاﷲ اگست میں ایم فائیو کو آمد و رفت کیلئے کھول دیں گے ۔اس موقع پرچینی سفیر کی جانب سے وزارت مواصلات کی صلاحیت و استعداد کا ربھرپور اعتراف کیاگیا ۔دریں اثنا وفاقی وزیرمراد سعید سے یو اے ای کے سفیر حماد عبید سلیم آل زابی نے ملاقات کی ۔ یو اے ای سفیر نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کو سراہا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت مواصلات اور موٹر وے پولیس کی ٹیم رواں ماہ یو اے ای کا دورہ کریگی ، یو اے ای حکام اور وزارت مواصلات اکٹھے کام کر کے اس بات کو یقینی بنائینگے کہ موٹروے پولیس کے ڈرائیونگ لائسنس کے بعد پاکستانیوں کو یو اے ای میں لائسنس کی ضرورت پیش نہ آئے ۔ملاقات میں پاکستان کے ای ٹیگ اور یو اے ای کے سالک سسٹم اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی گفتگو کی گئی۔