لاہور(سپورٹس رپورٹر )گلگت بلتستان میں واقع نلتر کی خوبصورت وادی میں پاکستان بھر سے آنے والے پرجوش سکیئرز کی آمد کے ساتھ ہی منگل سے سرمائی کھیلوں کا آغاز ہو گیا۔نقطہ انجماد سے کم درجہ حرارت میں پی اے ایف سکی ریزورٹ نلترمیں منعقد ہونے والے ان مقابلوں کا آغاز 15ویں شاہ خان الپائن سکیئنگ کپ سے ہوا جس میں پاک فضائیہ کے اسکئیرز نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ تمغے جیت کر میدان مار لیا۔ سلالم کیٹیگری میں تینوں پوزیشنز پاک فضائیہ کے اسکیئرز نے حاصل کیں جن میں نوید نے طلائی جبکہ اشتیاق اور اشفاق نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے ۔ جائنٹ سلالم کیٹیگری میں بھی پاک فضائیہ کے اسکیئرز چھائے رہے ۔ اشتیاق اور اشفاق نے طلائی اور چاندی کے تمغے جیتے جبکہ کانسی کا تمغہ سوات سے تعلق رکھنے والے احسن نے حاصل کیا۔