لاہور،ملتان،اسلام آباد،جنیوا،نیو یارک ، ماسکو، نئی دہلی،جنیوا (جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ،نیوزایجنسیاں،اے ایف پی)ملک بھر میں مہلک وبا کورونا وائرس کے باعث مزید 74مریض انتقال کر گئے جس کے بعدجاں بحق مریضوں کی تعداد11450تک پہنچ گئی ۔گذشتہ24گھنٹوں کے دوران وائرس کے 1563نئے کیسز سامنے آئے ،متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 37 ہزار 477 تک پہنچ گئی ۔این سی اوسی کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک میں کوروناکے 4 لاکھ 92 ہزار207 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں فعال کیسز کی تعداد33820 تک پہنچ گئی، تشویشناک حالت میں موجود مریضوں کی تعداد2165 ہے ۔ انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح2.1فیصد جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح91.6فیصد تک پہنچ چکی۔این سی او سی نے ملک بھر میں یونیورسٹیاں اور پرائمری و مڈل سکول یکم فروری سے کھولنے کا بھی فیصلہ کیاہے ۔وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اہم اجلاس ہواجس میں دوسرے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے کی توثیق کردی گئی۔ کورونا ویکسین کے لئے ملک بھر میں مراکز قائم اور عملے کی تربیت و دیگر انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے ۔ قومی ادارہ صحت نے پاکستان میں کورونا کی نئی قسم کی تصدیق کر دی،دو پاکستانیوں میں کورونا وائرس کی نئی قسم پائی گئی ۔ حکومت پنجاب نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظرلاہور،گوجرانوالہ،حا فظ آباداورگجرات کے مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا۔ لاہور کے 16،گوجرانوالہ، گجرات 1,1اور حافظ آباد کے مزید 3علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور میں بی بلاک جوہر ٹاؤن مکان نمبر 165سے 183تک، ٹاؤن شپ سیکٹر اے میں مکان نمبر 182سے 201تک، گلی نمبر 329بی ایڈن سٹی،امجدخورشید روڈ گلی نمبر 21/2A،گلی نمبر 4 مکان نمبر132عسکری 10،گلی نمبر 55مکان نمبر 72ای بلاک،ڈی ایچ اے فیز 1گلی نمبر 35سے مکان نمبر133،زیڈ بلاک فیز3گلی فاطمہ میموریل ہسپتال 90بی،جی او آرتھری شادمان گلی سیکٹوبی ہائٹس، سیکٹر بی مارکیٹ،عسکری 11، رضا بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں مکان نمبر 600سے 850 تک ،کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں مکان نمبر 600سے 650 ،رچنا بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں مکان نمبر 100سے 200، مین گلی فیض روڈ نیو مسلم ٹاؤن اور گلی نمبر 37مجاہد آباد میں لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔گوجرانوالہ میں گلی نمبر 49نزد پوسٹ آفس وحدت کالونی ،حافظ آباد میں گاؤں کسوکی،کھربین،گاؤں میراخ کلاں اور بھانورا، سرائے عالمگیرگجرات کے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا یا گیا۔لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام شاپنگ مالز،ریسٹورنٹ،دفاتر(نجی اور سرکاری)بند رہیں گے ۔علاقہ مکینوں کی نقل و حمل محدود ہو گی۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں وائرس کے 497نئے کیسزکی تصدیق کے بعد مجموعی تعداد155,214 ہو گئی۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر کہدہ بابربھی وائرس کا شکار ہوکر گھر میں آئسولیٹ ہوگئے ، انہوں نے گزشتہ روز سینٹ اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔گیلپ سروے کے مطابق 49 فیصد پاکستانی ویکسین لگوانے پر آمادہ نہیں، ویکسین دستیاب ہونے پر 38 فیصد پاکستانی لگوانے پر آمادہ ہیں،31 فیصد افراد نے ملکی سطح پر تیار ویکسین کو پہلی ترجیح قرار دیا، 19فیصدحکومت کی تجویز کردہ جبکہ 13 فیصد چینی ویکسین کو بہتر سمجھتے ہیں۔ادھردنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 کروڑ 8 لاکھ 39 ہزار 430 تک جا پہنچی جبکہ اموات 21 لاکھ 67 ہزار 167 ہو گئیں۔پاکستان مریضوں کی تعداد کے حوالے سے پھر 30 ویں نمبر پر آگیا۔ڈبلیو ایچ اوکے مطابق مریض جن میں مستقل، نئی یا بدلتی علامات کو فالو اپ دیکھ بھال تک رسائی حاصل ہونی چاہئے ۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے نیوز بریفنگ میں لاک ڈاؤن میں مزید تین ہفتے کی توسیع کرتے ہوئے اعلان کیاکہ سکول 8 مارچ سے پہلے نہیں کھلیں گے ،سکول کھلنے پر ان میں مفت کھانے کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا،جنوبی افریقہ، پرتگال اورجنوبی امریکی ممالک کے شہریوں سمیت30ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی ہیں جس کامقصد وائرس کی نئی قسم کے پھیلائو کو روکنا ہے ، انہوں نے کورونا کے بحران سے نکلنے کیلئے منصوبہ تیار کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیر داخلہ پریتی پٹیل نے ریڈ لسٹ میں شامل 30 ممالک سے واپس آنے والے شہریوں کیلئے ہوٹلوں میں10 دن تک قرنطینہ میں رہنے کا اعلان کیا ہے ۔فرانسیسی حکومت نے اعتراف کیا کہ شام 6 سے صبح 6 بجے تک کرفیو کے نفاذ کے با وجود ملک میں کورونا کے کیسز پر قابو نہیں پایاجارہاہے ،پابندیوں کو مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے غورہورہا ہے ۔ اقوام متحدہ نے کہا ہے وبا کے باعث گزشتہ برس دنیا بھر میں ساڑھے 22کروڑ نوکریاں ختم ہوئیں،یہ 1930 کے عظیم معاشی بحران کے بعد اب تک کا سب سے خطرناک بحران ہے ۔