ملتان ‘لاہور‘وانا (سٹاف رپورٹر،نامہ نگاران ، نمائندہ 92 نیوز، کامرس رپورٹر) جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں اور وانا میں ٹڈی دل کے حملے جاری ہیں ، جس سے ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچ گیا ہے ، کاشتکاروں نے سروے کر کے نقصان کے ازالے کا مطالبہ کردیا، ٹڈی دل کے حملوں نے کسانوں کو پریشان کر رکھا ہے ، ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا ، لودھراں ، احمد پور شرقیہ ، علی پور اور رحیم یار خان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے حملوں میں تیزی آ گئی، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی کپاس ، تربوز سمیت دیگر فصلیں تباہ ہو رہی ہیں ، آم کے باغات کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے ، کاشتکار اپنی آنکھوں کے سامنے اپنی فصلیں برباد ہوتی دیکھ رہے ہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت روایتی طریقوں سے اس صحرائی کیڑے کو بھگانے کے جتن کر رہے ہیں، بھارت سے آئے ٹڈی دل کے غولوں نے بھی تباہی مچا دی ہے ، دوسری جانب محکمہ زراعت سمیت متعلقہ ادارے بھی ٹڈی دل کے تدارک کے لئے متحرک ہوگیا اور متاثرہ علاقوں میں سپرے کا عمل بھی جاری ہے ، کاشتکاروں نے کہا وہ پہلے ہی قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں ، اگر ٹڈی دل کو ختم نہ کیا گیا تو ان کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی ، دریں اثنا ،سلطانپور،خیرپورسادات ،نبی پور،سیت پور،گبرآرائیں،خانگڑھ دوئمہ ، اوچ شریف،ترنڈہ محمدپناہ میں ٹڈی دل کے شدید حملہ میں کپاس اور آم ، جانوروں کے چارے شدید متاثر ہوگئے ، صادق آباد رحیم یارخان اور خانپور پر بھی ٹڈی دل نے ہزاروں ایکڑ سرسبز فصلات کو نقصان پہنچا دیا ہے ۔ چولستان میں 13ٹیمیں موجود ہیں اور سپرے کرکے ٹڈی دل کو تلف کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ٹڈی دل نے ضلعی ہیڈکوارٹر وانا کی مختلف تحصیلوں پر یلغار کردی ،سیب،آلوچہ،خوبانی ،آڑو اور ٹماٹر کے باغات پر حملہ کردیا،سبزی اور میوجات کی فصلیں بری طرح متاثر ہونے سے کروڑوں کے نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا، علاقہ سپین،تنائی،کڑی کوٹ،غواخواہ، برمل ،توئے خلہ اور زرملن میں سبزی اور میواجات کی فصلوں پرحملہ کیا گیا، زمینداروں نے کہا احمدزئی وزیرقبائل کو کروڑوں کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔ مزید برآں سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا محکمہ زراعت پنجاب ٹڈی دل سے متاثرہ 26 اضلاع (بھکر،بہاولپور،بہاولنگر،خوشاب،راجن پور،ڈی جی خان،لیہ،جھنگ،میانوالی،اوکاڑہ،ساہیوال،پاکپتن،رحیم یارخان،قصور،ملتان،لودھراں،وہاڑی،ٹوبہ ٹیک سنگھ،اٹک،فیصل آباد،مظفرگڑھ،چکوال،جہلم،سرگودھا اور چنیوٹ) میں ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے بھرپور آپریشن کر رہا ہے اور اب تک 91 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے کی سرویلنس کاکام مکمل کیا جا چکا ، اب تک 3 لاکھ ایکڑ سے زائدمتاثرہ رقبے پر48 ہزار لٹر سے زائد پیسٹی سائیڈز کا سپرے کیا جا چکا ۔ محکمہ کے 3 ہزار سے زائد ورکرز اور320 گاڑیاں ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔ ایریل آپریشن کا بھی انتظام کررہے ہیں۔ ٹڈی دل کا مشاہدہ ہونے پر کاشتکار اس کی اطلاع فوری طور پر محکمہ زراعت(توسیع) کے مقامی دفاتر یا ضلعی انتظامیہ کو دیں۔