وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ 50 سے 59 سال کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا سلسلہ 21 اپریل سے شروع کیا جائے گا لہٰذا ایسے افراد جن کی عمریں پچاس برس سے زیادہ ہیں ،وہ رجسٹریشن کروالیں تاکہ گھر کے قریب ترین انہیں سہولت مل سکے۔ کورونا کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ہے۔ یہ لہر انسانی پھیپھڑوں کو شدید متاثر کرتی ہے جس سے انسان کا بچنا مشکل ہو جاتا ہے۔ گو کورونا کی ویکسین کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد اب یہ امید قائم ہوئی ہے کہ جلد ہی اس وبا پرقابو پا لیا جائے گا۔ حکومت نے سب سے پہلے ضعیف افراد کے لیے ویکسین کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد بتدریج 60,65 برس کے افراد کو ویکسی نیشن سنٹر پر جا کر ویکسی نیشن کی ہدایات کی گئی تھیں۔ اب حکومت نے پچاس سے 59 برس کے شہریوں کو فی الفور ویکسین لگوانے کا کہا ہے۔ ویکسین کے بارے میں جو افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں ،شہری ان افواہوں پر کان مت دھریں، بلکہ جلد از جلد اپنے آپ کو کورونا سنٹروں پررجسٹرڈ کروائیں اور ویکسی نیشن لگوانا شروع کردیں۔ ویکسی نیشن سنٹروں پر بہترین سہولیات دستیاب ہیں۔ کسی قسم کی وہاں پریشانی نہیں ،شہریوں کے ساتھ بڑی عزت سے پیش آیا جاتا ہے، لہٰذا شہری فی الفور آگے بڑھیں‘ ویکسین لگوائیں تاکہ ہم کسی مصیبت اور پریشانی سے بچ سکیں۔