اسلام آباد/لاہور( آن لائن )وفاقی سیکرٹری تجارت محمد یونس ڈھاگہ نے کہا ہے کہ پاکستانی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن سے ہی برآمدات میں اضافہ ممکن ہے اور اس پربھرپور توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ، حکومت نے عالمی منڈیوں میں مقابلے کیلئے پاکستانی مصنوعات کی پیداروای لاگت میں کمی کیلئے اقدامات شروع کر رکھے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئندہ برس اپریل میں لاہور میں منعقدہ ’’ ٹیکسپو‘‘کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈایکسپورٹرز ایسوسی ایشن سمیت دیگر نمائندہ تنظیموں کے عہدیداروں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پی سی ایم ای اے کے گروپ لیڈر عبد اللطیف ملک اور سینئر وائس چیئرمین اعجاز الرحمان بھی موجود تھے ۔کارپٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ انڈسٹری کے حالات ایسے نہیں کہ نمائش میں شرکت کے اخراجات برداشت کئے جا سکیں اس لئے حکومت مالی معاونت کرتے ہوئے سٹالز کی قیمت میں کمی کرے ۔