پروویڈنس(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ میں جویریہ خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے آئرلینڈ کو 38 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید باقی رکھ لی، پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں پر 139 رنز بنائے ، کپتان جویریہ خان نے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جو کہ ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں پاکستان کی طرف سے کسی بھی ویمن کھلاڑی کا ریکارڈ سکور ہے۔آئرلینڈ ویمن ٹیم ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں پر 101 رنز بنا سکی، ثناء میر، ایمن، ناشرہ اور عالیہ ریاض نے 2، 2 وکٹیں لیں، جویریہ خان میچ کی بہترین کھلاڑی قرا رپائیں۔دوسری طرف آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں آسٹریلوی ٹیم فتوحات کی ہیٹرک مکمل کر کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی، فاتح ٹیم نے اپنے تیسرے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ ویمن کو 33 رنز سے شکست دی۔نیوزی ویمن ٹیم کو سلو اوور ریٹ پر کھلاڑیوں پر10، 10 فیصد جبکہ کپتان پر20 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا۔دریں اثناء گرین شرٹس کو آج نیوزی لینڈ کا چیلنج در پیش ہو گا، سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے کیویز کے خلاف آج کا میچ جیتنا ضروری ہے۔