باجوڑ سے گوجرانوالہ آنے والی مسافر وین میں تھانہ کینٹ کے علاقے شاہ کوٹ میںگیس سلنڈر پھٹنے سے بچے اور خاتون سمیت 10افراد جھلس کر جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے۔ سلنڈر میں آگ لگی تو عقب سے آنے والے دودھ کے ٹینکر نے اسے ٹکر مار دی جس سے سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا اور آگ نے پوری وین کو لپیٹ میں لے لیا۔اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ مسافر گاڑیوں میں نصب گیس سلنڈر چلتے پھرتے بم بن چکے ہیں‘گاڑیوںمیں یہ خطرناک گیس سلنڈر جن میں سے بعض اپنی مدت بھی پوری کر چکے ہیں ،گزشتہ کئی سال سے استعمال ہو رہے ہیں لیکن نہ ان گاڑیوں کو چیک کیا جاتا ہے اور نہ ان میں لگے سلنڈروں کے معیار کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔ اکثر حادثات ناقص اور غیر معیاری سلنڈروں کے باعث ہوتے ہیں۔موسم گرما میں گیس سلنڈرپھٹنے کے حادثات میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے اور مسافر اپنے گھروں کو جانے کی بجائے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔محکمہ ٹرانسپورٹ جس کی ذمہ داری گاڑیوں اور ان میں لگے سلنڈروں کو چیک کرنا ہے، وہ سویا پڑا ہے ۔محکمہ ٹرانسپورٹ اس سلسلہ میں تمام مسافر گاڑیوں کے لئے لائحہ عمل اور ایس او پیز جاری کرے ۔روزانہ کی بنیاد پر گاڑیوں کی چیکنگ کو ممکن بنایا جائے ۔جن مالکان نے گاڑیوں میں ناقص گیس سلنڈر لگا رکھے ہیں ان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں سخت سزائیں دی جائیں۔