نیویارک( ویب ڈیسک) ایک شائع شدہ رپورٹ کے مطابق بالخصوص امریکہ اور یورپ کے گھروں میں عام استعمال ہونے والے کیمیکل نہ صرف بچوں کے آئی کیو (ذہانتی پیمائش) میں کمی کی وجہ بن رہے ہیں بلکہ کسی نہ کسی طرح ان کے دماغ اور اعصابی نظام کو بھی نقصان پہنچارہے ہیں جس پر والدین حیرت میں مبتلا ہیں۔جرنل آف مالیکیولر اینڈروکرائنولوجی میں امریکہ میں سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول اور دیگر اداروں کے ڈیٹا کا بغور جائزہ لیا گیا ہے ۔ اس سروے میں ماں کی افزائشِ نسل کی عمر اور پانچ سال تک کے بچوں کے خون کے نمونے جمع کئے گئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صرف دو طرح کے کیمیکل ہی نہایت مضر ہیں جن میں کیڑے مار ادویہ اور لکڑی سے بنے فرش پر آگ سے بچانے والا کیمیکل پولی برومنیٹیڈ ڈائی فینائل ایتھرنہایت مضر ہے ۔ کیڑے مار ادویات میں آرگینو فاسفیٹ شامل ہیں جو پودوں اور درختوں کو حشرات سے بچاتے ہیں۔ نیویارک یونیورسٹی کے لینگون میڈیکل سینٹر کے مطابق صرف آگ سے بچانے والے کیمیل نے 7 لاکھ سے زائد بچوں کو ذہنی طور پر متاثر کیا ہے اور کیڑے مار دواؤں سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ گیارہ ہزار بچوں سے زیادہ ہے ۔