لاہور(سپورٹس رپورٹر) زمبابوے کی حکومت نے کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دے دی ،پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کی جانب سے دورہ کی تصدیق کے بعد سیریز کے شیڈو ل کا باقاعدہ اعلان کر دیا، پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں اپنی مہم کا آغاز زمبابوے کے خلاف تین میچوں کی سیریز سے کرے گی۔ تین ون ڈے میچوں پرمشتمل سیریز کا آغاز30 اکتوبر سے ہوگا، سیریز بائیو سکیور ببل میں بند دروازوں میں کھیلی جا ئے گی۔ زمبابوے کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کے لئے 20اکتوبر کو اسلام آباد پہنچے گی جہاں ایک ہفتہ قرنطینہ کے بعد ملتان پہنچے گی جہاں تیس اکتوبر کو پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔ ملتان میں کھیلی جانے والی اس سیریز کے دیگر دو میچز یکم اور تین نومبر کو کھیلے جائیں گے ۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے راولپنڈی کا رخ کریں گی، جہاں وہ 7، 8 اور 10 نومبر کو ایکشن میں نظر آئیں گی۔پی سی بی اعلامیہ کے مطابق آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ دراصل آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے ، جہاں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے 12 ممالک سمیت نیدرلینڈ کی ٹیم ایکشن میں نظر آئے گی۔ اس ایونٹ کی سات بہترین ٹیمیں اور ایک میزبان ملک کو میگا ایونٹ میں رسائی ملے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کا کہناہے کہ سری لنکا، بنگلہ دیش، ایم سی سی اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کے بعد اب زمبابوے کے خلاف سیریزسے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان نے دنیا کے افق پر اپنا تشخص ایک پرامن اور محفوظ ملک کی حیثیت سے منوالیا ہے ۔