فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) سدرن پنجاب نے نیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ کے اہم میچ میں کامیابی حاصل کرکے سندھ سے سیمی فائنل رسائی چھین لی اورٹاپ فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا۔ قومی ٹیم سے باہر ہونیوالے پروفیسر کی گھومتی گیندوں نے سندھ کے چاربلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی ’’گولڈن ڈک‘‘ لینے کے باوجود محمدحفیظ کو شاندار گیند بازی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔تینوں فارمیٹ سے کپتانی اور ٹیم میں اپنی جگہ گنوانے والے سرفراز احمد 45رنز بنانے کے باوجود اپنی ٹیم کی شکست کو فتح میں نہ بدل سکے ۔ اقبال سٹیڈیم میں دو روز کے آرام کے بعد ہونیوالا سندھ اور سدرن پنجاب کا میچ اس حوالہ سے بھی اہم تھا کہ اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان تبدیل ہونے کے علاوہ ٹیموں کا بھی اعلان کیا گیا۔سدرن پنجاب سکور بورڈ پر مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 148رنز کا مجموعہ سجانے میں کامیاب ہو گئی۔ وہاب ریاض 41 اور شعیب ملک 38 رنز بنا کر ٹاپ سکورررہے ۔ہدف کے تعاقب میں سندھ کی ٹیم کا اچھا آغاز نہ ہوا ، صہیب مقصود 2اور احسن علی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو کپتان اسد شفیق اور سرفراز احمد نے مزاحمت کی، اسد شفیق 25رنز اور سرفراز احمد 45رنز بنا کر آؤٹ ہوئے بعد میں آنے والے بلے باز محمدحفیظ اور زاہد محمود کی گیندوں پر ترنوالہ ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 17.4اوورز میں 114رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔