لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحانات ملتوی کرنے کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے صوبائی حکومت اور پاک فوج نے کورونا وبا کے خلاف بہترین کام کیا، ان کی کاوشوں کو سراتے ہیں ،شہریوں کی زندگی کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اورآئین عوام کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے ، ریاستی پالیسیاں قوانین کی پاسداری کی پابند ہیں، فیصلے کے آغاز میں ونسٹن چرچل کے قول کا حوالہ دیا گیا، کورونا سے لوگوں میں موت کا خوف اوربے چینی رہی ، کورونا سے متعلق صورتحال یکسر تبدیل ہو چکی ہے ، پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے ، امیدوار وانتظامیہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے گندم کوٹہ نہ دینے کے خلاف درخواست پر سیکرٹری فوڈ اور ڈپٹی کمشنر کو آج طلب کرتے ہوئے قرار دیا کمزور آدمی چھری کے نیچے آتا ہے ،سکول ٹیچر کی ذمہ داری لگائی گئی کہ گندم کوٹہ کی چیکنگ کریں، پھر اور رستے نکل آتے ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ کیاڈپٹی کمشنر اپنے اختیارات دوسروں کو دے سکتا ہے ؟۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے نارووال شکر گڑھ روڈ تعمیر نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سرکاری افسر کی درست معاونت نہ کرنے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے نارووال تک ہیلی کاپٹر پر جائیں گے ،کیا ایک دفعہ روڈ بنانے کے بعد میٹینس کرتے ہیں ؟،ابھی نارووال جائیں اور روڈ چیک کرکے مینٹیننس کے حوالے سے رپورٹ دیں، ایڈیشنل سیکرٹر ی کو دس بندے فائلیں اٹھانے کیلئے چاہئیں،نہ ایڈیشنل سیکرٹری کو پتہ ہے جواب کیا دینا نہ ہی کیس کا پتہ ہے ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے بحریہ ٹائون اور دیگر کی رنگ روڈ اتھارٹی کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران قرار دیا حکومت کو کیا شوق چڑھ گیا کہ ہر معاملہ کے لیے اتھارٹی بنادی جاتی ہے ،سٹی راوی کے لیے نئی اتھارٹی بنادی گئی،اگر حکومت نے ایسی اتھارٹیز ہی بنانی ہیں تو پھر ایل ڈی اے کو تالے لگا دیں۔عدالت نے رنگ روڈ سے متعلق زیر التوا تمام درخواستیں یکجا کرنے کا حکم دیتے ہوئے حکومت پنجاب، ایل ڈی اے ، رنگ روڈ اتھارٹی اور دیگر کو جواب داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام احساس پروگرام سے تبدیل کرنے کیخلاف درخواست پرڈپٹی اٹارنی جنرل کی التوا کی درخواست منظور کرلی،مزید سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد ہوگی ۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں قائم دو رکنی بینچ نے ایم این اے محسن شاہ نواز رانجھا کی نیب طلبی کے خلاف درخواست نیب پراسیکیوٹر کے جواب کے بعد نمٹا دی۔ نیب پراسیکیوٹر نے بتایا ابھی تفتیش ابتدائی مراحل میں ہے ، گرفتاری کی ضرورت نہیں۔