لاہور، گجرات ،ملتان (جنرل رپورٹر، سپیشل رپورٹر، نامہ نگار، ڈسٹرکٹ رپورٹر ، سپیشل رپورٹر )گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہسپتالوں کی نجکاری کیخلاف ہڑتال 12 واں روز بھی جاری رہی، مظاہرین نے دھرنے دیکر لاہو رکی اہم شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند کر دیں ،معمول کے آپریشن بند ، ریڈیالوجی اور پتھالوجی لیبارٹریوں کا بھی بائیکاٹ جار ی ہے ،مریض ہسپتالوں میں اور شہری سڑکوں پرخوارہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق سروسز، پی آئی سی، میو،چلڈرن،جنرل ،جناح ہسپتال میں ہڑتال 12ویں روز بھی جاری رہی ،سروسز ہسپتال اورپی آئی سی کے ملازمین نے جیل روڈ پراحتجاج کیا ۔مظاہرین نے کینال سے شادمان جانیوالی جیل روڈ ہر قسم کی ٹریفک مکمل طور پر بند کر دی ،گاڑیوں کی لمبی قطاریں فیروزپورروڈ پر بھی لگیں اور اسے ٹریفک کیلئے بندکردیاگیاوہاں پر جنرل اور چلڈرن ہسپتال کے مظاہرین نے دھرنا دیا،مظاہرین نے گنگارام ہسپتال چوک بھی بلاک کردیا،میوہسپتال لاہور میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف جی پی او کے سامنے دھرنا دیئے بیٹھے رہے ، جی پی او کے سامنے ینگ ڈاکٹرز کے مظاہرے سے انار کلی سے اسمبلی ہال جانے والی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی لائینیں لگ گئیں، مال روڈ پر ٹریفک کئی گھنٹے سے سست روی کا شکار رہی۔ احتجاجی مظاہرے میں شریک ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں سے پہلے مفت علاج ختم ہوا، اب ہسپتال پرائیوٹ کرکے غریبوں کیلئے علاج مہنگا کیا جا رہا ہے ، فیصلے کی منسوخی تک ایسے ہی ہڑتال جاری رکھیں گے ،مظاہرین نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف نعرے بازی کی انکے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ۔ہڑتال کے باعث روزانہ 20سے 25ہزار مریض علاج کی مفت سہولت سے محروم رہے ہیں اور ان ڈور میں زیر علاج مریضوں کے آپریشن بھی رک گئے ہیں ۔ہڑتال کے باوجود میو ہسپتال کی او پی ڈی میں چند سینئرڈاکٹرز علاج معالجے میں مصروف ہیں،رجسٹرار کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسراصغر نقی آؤٹ ڈورڈیپارٹمنٹ میں موجود رہے اور سینئرڈاکٹرزمریضوں کے چیک اپ میں مصروف نظر آئے ، پرنسپل جنرل ہسپتال خود مریضوں کے ایکسرے کراتے رہے جبکہ صدر پی ایم اے ڈاکٹر سعود افضل اور صدر وائی ڈی اے ڈاکٹر احتشام الحق کی قیادت میں جی ایچ اے گجرات نے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال میں آئوٹ ڈور،آپریشن تھیٹر اور ریڈیالوجی سروسز بند کر کے بھر پور احتجاج کیا اور بھر پور نعرے بازی کی ۔ملتان میں نشتر ہسپتال اور چلڈرن کمپلیکس کے آئوٹ ڈور سمیت آپریشن تھیٹر،پتھالوجی اور ریڈیالوجی میں ہڑتال کی گئی،نشتر ہسپتال میں ڈاکٹرز،پیرا میڈیکس اور نرسز نشتر روڈ پر نکل آئے اور سڑک کو بلاک کر دیا، مظاہرین نے احتجاجی ریلی نکالی جبکہ چوک کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا،نشتر انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹسٹری اور برن یونٹ کے آئوٹ ڈور میں بھی ہڑتال کی گئی جبکہ ملازمین نے بھی ڈسٹرکٹ جیل چوک تک ریلی نکالی ۔