اسلام آباد،لاہور ( سپیشل رپورٹر،وقائع نگار،92 نیوزرپورٹ)وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری کی پنجاب حکومت سے شکایات ، وزیر اعظم کو خط کے ذریعے آگاہ کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق فواد چودھری نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط لکھا جس میں ان سے اہم معاملات پر نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے ۔فواد چودھری نے اپنے خط میں کہا پنجاب کا 350 ارب کا ترقیاتی بجٹ ہے جس میں سے صرف 77ارب روپے ریلیز ہوئے ، صوبے میں سیاسی سائیڈ ڈلیور کر رہی ہے اور نہ ہی انتظامی۔ وزرائے اعلیٰ کے پاس صوابدیدی فنڈ آرٹیکل اے 140 کی خلاف ورزی ہے ۔ وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں جو عوامی مفاد کیخلاف ہے ۔پنجاب میں پراونشل فنانس ایوارڈ بھی اضلاع کو نہیں دیا جا رہا ، صوبائی سطح پرکچھ ہو رہا ہے نہ اضلاع کو فنڈز منتقل ہو رہے ہیں۔جس فارمولے کے تحت وفاق صوبوں کو فنڈز دیتا ہے اسی طرح اضلاع میں بھی فنڈز تقسیم ہونے چاہئیں۔فواد چودھری نے کہا وزیر اعظم عمران خان کی حکومت شاندار کام کر رہی ہے مگر پنجاب کی وجہ سے مرکز کو بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے وفاقی وزیر فواد چودھری کی نشاندہی پر وزیراعظم عمران خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت کو صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کے اجرا کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ فوری طور پر صوبائی ایوارڈ کرکے اضلاع کو فنڈ ز منتقل کیے جائیں۔ دریں اثنا وفاقی وزیر کے خط کے تناظر میں پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے 15 جنوری 2020 تک کا ڈیٹا ریلیز کر دیا۔اب تک کا ریلیز کردہ ترقیاتی بجٹ پچھلے 5 سالوں میں سب سے زیادہ ہے ۔پنجاب حکومت کے مطابق پنجاب حکومت اب تک 308 ارب کے ترقیاتی بجٹ میں سے 178 ارب روپے یعنی کہ 58 فیصد ریلیز کر چکی ہے ۔اس کے علاوہ بجٹ میں 42 ارب کے " پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ" کے پراجیکٹس بھی شامل کیے گئے ۔