کراچی ، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،92 نیوز رپورٹ)آزاد کشمیرانتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہونے سے پہلے ہی پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی اور ن لیگ کے خلاف شکایات کے انبارلگا دیئے ۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی وزرا کی الیکشن مہم سمیت ن لیگ کی آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے سرکاری وسائل کے استعمال کے خلاف الیکشن کمیشن کوخط لکھ دیا پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی اور ن لیگ کے خلاف آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کو تحریری شکایت جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے وزیر امین گنڈاپور کو فوری طور پرآزاد کشمیر سے بے دخل کیا جائے ۔ ن لیگ کی آزاد کشمیر میں حکومت ہے ، مقامی وزرا ن لیگ کے جلسوں میں سرکاری فنڈز کا استعمال کر رہے ہیں،اسے روکا جائے ۔ دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کشمیر کے سفیر بننے کے بجائے کلبھوشن کے وکیل بن گئے ۔ آزاد کشمیر الیکشن میں سرکاری مشنری استعمال ہو رہی ہے جو پری پول دھاندلی کے مترادف ہے ۔ الیکشن کمیشن انتخابات کو تاریخ کے متنازع ترین انتخابات ہونے سے بچائے ۔ وزیراعظم کا آخری دنوں میں کشمیر جانا الیکشن کمیشن کے منہ پر طمانچہ ہے ۔ ،اپوزیشن کی کوشش ہونی چاہیے آزاد کشمیر میں عمران خان کی حکومت نہ بنے ، آج بھی اپوزیشن ساتھ دے تو بزدار حکومت اور عمران خان کو ہٹا سکتے ہیں۔(ن)لیگ صرف باتیں کرتی ہے ہمت ہے تو دھرنا دے کر دکھائے ، وفاقی وزیر کو آزاد کشمیر میں ووٹ خریدنے اور عوام کو ڈرانے بھیجا گیا،کشمیر میں اسٹیبلشمنٹ کسی کو سپورٹ نہیں کررہی ہے ، ہم طالبان کی سوچ سے اپنی عوام کو بچاسکتے ہیں ،جو سیلاب ہماری طرف آنے والا ہے اس کو روکنے کی تیاری کرنا ہوگی ۔