ممبئی،کراچی (نیٹ نیوز ) بھارتی گلوکار سونونگم نے اپنی ہی فلم انڈسٹری پر بھڑکتے ہوئے کہا ہے کہ جب پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانی ہے تو انہیں بلایاہی کیوں جاتا ہے ۔ایک ٹی وی پروگرام کے دوران جب سونونگم سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا ہم خود انہیں بلاتے ہیں اور پھر خود ہی ان پر پابندی لگادیتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے پاکستان کے ساتھ ثقافتی تبادلے کو محدود کرنے کی ذمہ دار ہماری اپنی فلم انڈسٹری ہے ۔ یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ فنکاروں پر پابندی لگانے سے دونوں ملکوں کے درمیان مسائل حل نہیں ہوسکتے ۔جبکہ پاکستانی اداکار میکال ذوالفقار نے اپنے بھارت میں کام کرنے کا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی پہلے پاکستانی فنکاروں کا منفی اور غلط استعمال کرتے ہیں اور پھر انہیں آلہ کار بناکر مشکلات میں اکیلا چھوڑ دیتے ہیں۔میکال ذوالفقار نے کہا جب میں نے فلم ’’بے بی‘‘ سائن کی اس وقت میں نے خصوصی طور پر پوچھاتھا کہ کیا یہ فلم اسلام اور پاکستان مخالف ہے تب فلم میکرز نے کہا نہیں بلکہ فلم میں ایسا کچھ بھی نہیں ہے ۔ میں فلم کے پہلے حصے میں نہیں تھا مجھے فلم کے سکرپٹ سے متعلق کوئی اندازہ نہیں تھا تاہم جب فلم ریلیز ہوئی تب مجھے حقیقت کا علم ہوا، اس کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ میں صرف پاکستانی فلموں میں کام کرونگا اس کے علاوہ ہمیں بھارت میں وہ عزت بھی نہیں دی جاتی جس کے ہم حقدار ہیں۔ بھارتی ہمیشہ پاکستانی فنکاروں کو مشکلات،تنازعات میں دھکیل دیتے ہیں، وینا ملک کی مثال ہی لے لیجئے جب انکا فوٹوشوٹ ہوا وینا ملک تنازع کا شکار ہوگئی تھیں اور ان پر بہت زیادہ تنقید کی گئی تھی۔