لاہور( کلچرل رپورٹر) معروف گلوکار عاطف اسلم کا کہنا ہے کہ بھارت میں پابندی کے باجود وہاں کے مداحوں نے خوب پیار دیا جس کا ایک ثبوت بھارت کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر سرفہرست ٹرینڈ 'UnBanAtifAslam' تھا ۔عاطف اسلم نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں دنیا رک چکی ہے ، ہر کاروبار لاک ڈاؤن کا شکار ہے ، لوگ مساجد میں نماز نہیں پڑھ سکتے ، مسلمانوں کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جانے کی پابندی ہے جو تمام مسلمانوں کے لیے سب سے مقدس شہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال میں اگر مجھے کوئی فکر ہے تو وہ یومیہ اجرت لینے والوں کی ہے ، مجھے یہ پریشانی لاحق ہے کہ اگر لاک ڈاؤن کی مدت بڑھتی ہے تو ان کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہوگا۔ عاطف اسلم نے فرنٹ لائن پر لڑنے والے تمام ڈاکٹرز کے لیے بھی پریشانی کااظہار کیا۔