لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں سہولیاتی مراکز قائم کرنے کی ہدایات دیدیں ۔ صوبائی وزیرنے سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئراینڈمیڈیکل ایجوکیشن مومن آغااورسیکرٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئرزاہداخترزمان کوسرکاری ہسپتالوں میں سہولیاتی مراکز قائم کرنے کی ہدایت کی۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ سہولیاتی مرکز کے ذریعے زکوٰۃ اورسوشل ویلفیئرفنڈ کے ذریعے طبی سہولیات حاصل کرنے والے مستحق افرادکی ہرقسم کی شکایت کاترجیحی بنیادوں پرازالہ کیاجائے گا۔ سہولیاتی مراکز آوٹ ڈورڈیپارٹمنٹس میں قائم کئے جائیں گے ۔ سہولیاتی مراکزپرہسپتال کے عملہ کے علاوہ بیت المال اور سوشل ویلفیئرکا عملہ بھی فرائض سرانجام دے گا۔ سہولیاتی مراکز قائم کرنے کیلئے تین دن کاوقت دیاگیاہے ۔تمام سی ای اوزہسپتالوں میں سہولیاتی مرکز قائم کروانے کے ذمہ دارہونگے ۔ بے سہارا افرادکاسہارابنناتحریک انصاف کے منشورکاحصہ ہے ۔ تحریک انصاف دعوے نہیں عمل پریقین رکھتی ہے ۔