واشنگٹن،استنبول(آئی این پی،صباح نیوز) امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ پادری کو رہا کیا جائے ورنہ انقرہ کا پابندیوں سے مزید گلا گھونٹیں گے ۔انہوں نے ٹوئٹر بیان میں کہا برانسن ہمارے وطن کا عظیم قیدی ہے اس کی رہائی کے عوض ترکی کو کچھ نہیں ملے گا ترکی کی حکومت کو زیر حراست پادری کو ہرصورت میں رہا کرنا ہوگا۔دریں اثنا صباح نیوز کے مطابق ترک وزیر تجارت نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے مزید پابندیوں کا بھی بھرپورجواب دیا جائے گا۔دریں اثنا ترک صدر نے ایک بیا ن میں کہا ہے امریکہ ترکی کو جھکا نہیں سکتا امریکہ ایک طرف ترکی کا اسٹریٹیجک پارٹنر ہے مگر ساتھ ہی وہ ترکی کو ہدف بھی بنا رہا ہے ۔مزید براں آئی این پی کے مطابق ترک وزیر خزانہ بیرات البائراک نے فرانسیسی وزیر اقتصادیات و خزانہ برونو لی مائر سے ٹیلی فون پر بات چیت کی جس میں امریکہ کے ترکی مخالف سخت گیر موقف کے خلاف مل کر اور باہمی تعاون کے ساتھ لائحہ عمل اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،فرانسیسی وزیر نے امریکہ مخالف پالیسیوں پر ترک حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے ۔