اسلام آباد(وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات و چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ سے وزیراعظم آ زاد کشمیر فاروق حیدر خان نے ملاقات کی۔ جمعہ کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم آ زاد کشمیر فاروق حیدر خان سے ملاقات میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ چین کے تھری گورجیز ڈیم اور گیزہوبا کمپنیوں کے سربراہوں نے بھی ان سے ملاقات کی ۔ملاقات میں کوہالہ پاور ، آزاد پتن پاور پر جلد کام شروع کرنے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ان کی ملاقات کا مقصد کوہالہ پاور اور آزاد پتن منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں مدد کرنے اور ان پر عملدرآمد کیلئے بھر پور تعاون کی فراہمی پر سی پیک اتھارٹی کا شکریہ ادا کرنا بھی تھا ۔ان منصوبوں پر 4 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی گئی جبکہ ان سے 1800 میگاواٹ سستی بجلی کی پیداوار اور 8000 ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ ایک اور ٹویٹ میں عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ قوم نے ثابت کیا وہ مہلک وباکوشکست دینے کے لیے پر عزم ہے ، پا کستان نے کورونا میں زندگی اورروزگار کیلئے متوازن پالیسی اپنائی۔وباسے نمٹنے کی ملکی پالیسی کی عالمی سطح پرحمایت اس کاواضح ثبوت ہے ،کورونامیں سماجی صورتحال سے متعلق پاکستان کی موثر پالیسی کوپذیرائی مل رہی ہے ۔