اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے کہاہے کہ قومی احتساب بیورو کی وجہ سے لوگ خودکشی کرتے ہیں، نیب کسی کو کسی قابل نہیں چھوڑتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز پمز میں ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف ڈاکٹرز اور ملازمین کے احتجاج میں شرکت کے بعد صحافتوں سے گفتگو میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کرکہا کہ پارلیمنٹ ڈری ہوئی ہے ، ہر آدمی ڈرا ہواہے ، کوئی بھی بولے گا تو اسکو نیب کا نوٹس آجائیگا، چیئرمین نیب کو خارجہ کمیٹی بھی طلب کر چکی ہے ، چیئرمین نیب اور افسران اپنا حساب دیں گے ۔ڈپٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ نیب کے خلاف میری تحریک استحقاق موجود ہے ، اگر کوئی سمجھتا ہے تحریک استحقاق واپس ہوگی تو یہ غلط فہمی ہوگی، حالات ایسے بن گئے ہیں میں مختلف اقدام کروں گا، میں پورے پاکستان جاؤں گا، اکاؤنٹنٹ جنرل خرم ہمایوں کے گھر بھی جاؤں گا اور نیب سے متاثرہ افراد سے ملوں گا، نیب اس وقت تھانے سے بھی براادارہ بن گیا ۔قبل ازیں مظاہرین سے خطاب میں سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ پمزکو آج تک ان حالات میں نہیں دیکھا،7 ہفتے سے پمز کا ہر وارڈ بند ہے ، سیاست کرنے نہیں ملازمین سے یکجہتی کیلئے آیا ہوں،جائز مطالبات کو سینٹ اجلاس میں ضرور سامنے لائینگے ۔دریں اثنا ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والابریگیڈیئر (ر) اسد منیر کے گھر گئے اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔