اسلام آباد،کراچی(سپیشل رپورٹر، خبر نگار خصو صی ، مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی ) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے افغا نستان ، خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اورقومی سلامتی کے امور پر بڑی بیٹھک بلالی۔ سپیکر نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس یکم جولائی کو تین بجے بلا لیا، جس میں اعلیٰ عسکری حکام کی شرکت کاقوی امکان ہے ، عسکری حکام پارلیمانی قیادت کو قومی سلامتی کے ایشو پر بریفنگ دیں گے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے اجلاس میں خطے کی مجموعی صورتحال سمیت افغانستان کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن نے اجلاس میں شرکت پر رضا مندی دے دی۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی سربراہی میں 6 رکنی وفد اجلاس میں شرکت کرے گا۔وفد میں شاہد خاقان عباسی،رانا تنویر،احسن اقبال ودیگر شامل ہیں۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دے دیا اور اس میں شرکت کرنے اور اہم امور پر اپنی تجاویز دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سپیکر نے ہمارے مطالبے پر اجلاس بلایا ہے ۔