اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ) حکومت نے پارلیمنٹ کا اجلاس آج طلب کرلیا۔ارکان کو فون کے ذریعے اطلاع دی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سینٹ سے پاس نہ ہونے والے بل منظور کرائے جائیں گے ، حکومت نے تمام ارکان اسمبلی و سینٹ کو اسلام آباد بلالیا،قومی اسمبلی بل مشترکہ سیشن میں بھجوانے کی تحریک منظور کرچکی ہے ، بلوں میں اسلام آباد ہائی کورٹ ترمیمی بل 2018ئ، آئی سی ٹی معذور افراد کے حقوق سے متعلق بل 2020ئ، سرویئنگ اینڈ میپنگ ترمیمی بل 2020 ئاور ایف پی ایس سی رولزکی توثیق بلز 2020 ء شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومت نے اسلام آباد سے باہر جانے والے اپنے ارکان کو بھی واپس بلا لیا ۔ وزیر اعظم عمران خان کی مشترکہ اجلاس میں شرکت کا امکان ہے ۔مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا پارلیمنٹ قومی سلامتی سے متعلق آج تاریخی قانون سازی کرے گی،قانون سازی حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی اوراتحادی جماعتوں کااجلاس طلب کرلیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم کی زیرصدارت دوپہر2بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔